ناظم امتحانات جامعہ کراچی نے ویجی لنس کو متنازعہ بنادیا،ٹرانسپرنسی ایجوکیشن

کئی امتحانی مراکز پر ویجی لنس ٹیموں کا دورہ نہ کرنے کا فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں انکشاف

بدھ 6 جنوری 2016 20:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) جامعہ کراچی کے تحت جاری بی اے اور بی ایس سی کے امتحانات کی ویجی لنس کو ناظم امتحانات کی جانبداری نے متنازعہ بنادیاہے،کئی امتحانی مراکز پراب تک ویجی لنس ٹیموں نے دورہ ہی نہیں کیا۔شیخ الجامعہ کی اس معاملے پر خاموشی امتحانات کی شفافیت پرسوالیہ نشان ہے۔ٹرانسپرنسی ایجوکیشن پاکستان(رجسٹرڈ) کی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کے ڈائریکٹر آصف فرخال بخاری نے جامعہ کراچی شعبہ امتحانات کے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شعبہ امتحانات گزشتہ دوسال سے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد عظمی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے عملاً ان کی مافیاکے تسلط میں ہے جس کے سبب شعبہ امتحانات کا عملہ نہ صرف بددلی کا شکار ہے بلکہ اکثر وبیشتر ان کے اختیارات پر قدغن لگاکر ان کی تضحیک بھی کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کنٹرولر (ریٹائرڈ) قمرعالم کو کنٹریکٹ پر رکھنے کے باوجود گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی جارہی جب کہ ناظم امتحانات نے کالج پروفیسرزنعیم خالد اور احسن خورشید کو اپنا دست ِراز بناکر گزشتہ کئی سالوں سے سی سی او،امتحانات کی ٹیبولیشن اور کئی دیگر امور ٹھیکے پر دے رکھے ہیں جب کہ ریٹائرڈ پروفیسر کوثر بھی ہر وقت ان کے معاملات دیکھنے کے لئے ان کے دفتر میں موجود رہتے ہیں۔

ڈگری کے امتحانات میں ویجی لنس کے نام پر ناظم امتحانات نے جامعہ میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔بی اے کے32مراکز کے لئے صرف16ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس کے باعث نصف مراکز میں اب تک ویجی لنس کی ٹیمیں پہنچ ہی نہیں سکی ہیں جبکہ لڑکوں کے امتحانی مراکز جو کہ جامعہ کراچی میں قائم کرکے ان میں اپنے من پسند افراد کوامتحانی کاموں پر لگایاگیاہے کوئی ویجی لنس کا نظام قائم نہیں کیا گیا کیونکہ خدشہ تھا کہ جب کالج اساتذہ ویجی لنس کرینگے تو کئی ایسے مراکز بے نقاب ہوں گے جہاں ناظم امتحانات ڈاکٹر ارشد عظمی کی زیرنگرانی مبینہ طور پر بھاری رقوم لے کر اصل امیدواروں کی جگہ دوسرے افراد کو امتحان دینے کی اجازت دی گئی ہے۔

ناظم امتحانات کا رویہ کالج اساتذہ کے نمائندوں کے ساتھ انتہائی متعصبانہ ہے اوران کی ہرممکن کوشش ہے کہ کالج مرد اساتذہ کو ویجی لنس سے دوررکھاجائے تاکہ ان کی ہیراپھیری پر پردہ پڑارہے۔دریں اثناء ٹرانسپرنسی ایجوکیشن پاکستان نے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج النورکے مرکز میں امتحانی عمل میں غیرشفافیت پراس کوایجوکیشن کالج منتقل کرنے پر ناظم امتحانات کے فیصلے کو سراہا ہے اور اس بات پر ان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے کہ شہید ملت گورنمنٹ ڈگری کالج میں سینئر ممبران پر مشتمل ویجی لنس ٹیم کے ساتھ جونیئر لیکچرار فرحان قاضی کے رویے پر فوری تادیبی کاروائی کریں جن کے خلاف ویجی لنس ٹیم نے تحریری طور پر بھی شکایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :