طبی تعلیمی ادارے مقصدیت کو فروغ دیں حکومت ان کی ترقی کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے،انیسہ زیب

بدھ 6 جنوری 2016 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء)خیبر پختونخوا کی وزیر محنت و معدنیات انیسہ زیب طاہر خیلی نے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محکمہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔عوام کو طبی خدمات کی فراہمی میں ان کاکردار ایک مسلمہ حقیقت ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت طبی اداروں اور متعلقہ سٹاف کودرپیش مسائل کے خاتمے اور غریب عوام کو بہترین طبی سہولیا ت فراہم کرنے کیلئے دستیاب وسائل کو احسن طریقے سے بروئے کار لا رہی ہے جس کے نتائج برآمد ہونا شروع ہو چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز خیبر میڈیکل کالج پشاور میں پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انہوں نے خیبر میڈیکل کالج اور خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کی پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کے عہدیداروں کا باضابطہ حلف لیا۔تقریب میں پرنسپل خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن،ایکٹنگ پرنسپل خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر خالد رحمان،صوبائی صدر پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن سراج الدین برکی،نومنتخب صدر رام بیل خان،جنرل سیکرٹری حمید گل،نو منتخب کابینہ کے دیگر عہدیداران،میڈیکل پروفیسرز،ڈاکٹرز اور مذکورہ کالجزکے سٹاف اراکین نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر انیسہ زیب طاہر خیلی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طبی تعلیم کے فروغ و خدمات کی فراہمی میں خیبر میڈیکل کالج اور خیبر کالج آف ڈینسٹری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ یہ صوبے کے عظیم ادارے ہیں۔انہوں نے کہاکہ براہ راست عوام سے منسلک ہونے کی وجہ سے صحت مند اور پر امن معاشرے کی تشکیل میں محکمہ صحت کلیدی کردار اداکر رہا ہے اسی وجہ سے اس شعبے سے وابستہ حکام و افراد پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہے جو تندہی کیساتھ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دیہی کا تقاضاکرتی ہے۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کی طرف سے پیش کردہ مطالبات کی منظوری کیلئے اپنی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ صوبے میں تبدیلی کا عمل جاری ہے جو محکمہ جات صحت وتعلیم پر خصوصی توجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایسوسی ایشن مقصدیت کوفروغ دے اور اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے اداکرے اس کے تمام جائزمطالبات کو متعلقہ حکام سے اٹھایاجائے گا۔تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن،ڈاکٹر خالد رحمان اور سراج الدین برکی نے بھی خطاب کیا اورتقریب میں خصوصی شرکت پر صوبائی وزیرکا شکریہ ادا کیا۔