حکومت کی ترجیحات ہی غلط ہیں،شفقت محمود

موٹرے ویز، میٹرو بس اور گرین لائن ٹرین سروس ملک کے مسخ شدہ چہرے پر صرف میک اپ کے مترادف ہے،حکومت پٹھان کوٹ حملے پرپارلیمنٹ کواعتماد میں لے،قومی اسمبلی میں بحث

بدھ 6 جنوری 2016 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیحات ہی غلط ہیں، موٹرے ویز، میٹرو بس اور گرین لائن ٹرین سروس ملک کے مسخ شدہ چہرے پر صرف میک اپ کے مترادف ہے،آبادی کنٹرول کرنے صحت، تعلیم اور بنیادی مسائل کے حل اور گورننس بہتر کرنے کی طرف حکومت کی کوئی توجہ نہیں دے رہا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدراتی خطاب پر بحث کرتے ہوئے شفقت محمود نے پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملہ کے بعد پاک بھارت تعلقات میں مزید پیدا ہونے والے مسائل سے متعلق دو اہم نکات اٹھائے۔ شفقت محمود نے حکومت سے دریافت کیا کہ کہا جاتا ہے کہ اس حملہ کے بعد بھارت نے کچھ پاکستانیوں کی جانب اشارے کئے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو پارلیمنٹ کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے پندرہ جنوری کو ہونے والی پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کے مستقبل کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی۔ صدارتی خطاب پر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اس میں قوم کی حالت زار پر کوئی بات نہیں کی گئی تھی۔ملک کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جلد ہی یہ دوگنی ہوجائے گی۔ جو بے پناہ مسائل کا شکار ہوگی۔ حکومت نے اس کے لئے کیا حکمت عملی ترتیب طے کی ہے کچھ پتا نہیں،آج دہشت گردی کی وجہ تعلیم کی کمی ہے،۔

ملک کی پچاس فیصد آبادی ناخواندہ ہے، مگر تعلیم صحت اور پانی جیسے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی بجائے حکومت ملک کے مسخ شدہ چہرے پر میٹر بس، گرین لائن ٹرین اور کا میک اپ کرنے میں مصروف ہے۔ اصل میں حکومت کی ترجیحات ہی غلط ہیں۔ حکومت کو گڈ گورننس کی طرف بھی توجہ دینا چاہئے ورنہ ملک میں انتشار پیدا ہوگا۔ پولیس کا نظام تباہ ہورہا ہے اس بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔