پاکستان اور بھارت کسی کے ہاتھوں امن عمل کو یر غمال نہ ہونے دینے پر آمادہ ہیں‘ پرویز رشید

ہمیں بھارت کی مدد اور معاونت چاہیے ،کیابھارت کے پاس جو معلومات ہیں وہ پاکستان کو ملیں گی ،ان کی روشنی میں اپنا مثبت کردار ادا کرینگے ،انٹرویو

منگل 5 جنوری 2016 22:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ یہ خوش آئند کہ پاکستان اور بھارت اس بات پر آمادہ ہیں کہ وہ کسی کے ہاتھوں امن عمل کو یر غمال نہیں ہونے دیں گے ،پاکستان کی ریاست اور اس کے ادارے سب دہشتگردی کے خلاف لڑ رہے ہیں او رانہوں نے اچھے او ربرے ، اپنے ا ورپرائے کی کوئی تقسیم نہیں رکھی ہوئی ،ہمیں بھارت کی مدد اور معاونت چاہیے کہ ان کے پاس جو بھی معلومات ہیں کیا وہ پاکستان کو ملیں گی اوران معلومات کی روشنی میں پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرے گا ۔

بی بی سی کو انٹر ویو میں سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جو بھی لوگ یہ کوششیں کرتے ہیں کہ جب بھی امن کی بات چیت کی جائے اس کو ڈی ریل کیا جائے تو دونوں ممالک ان کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور یہی اچھی بات ہے کہ ہم وہ نہیں ہونے دے رہے جو دہشتگرد چاہتے ہیں اوردہشتگردوں کی منشاء کو پورا نہیں ہونے دے رہے ۔

(جاری ہے)

ان کے راستے میں دونوں حکومتیں اپنے طور پر اپنے عزم پر قائم ہیں کہ وہ دہشتگردی کے ذریعے ملک کے مسائل کو حل نہیں کریں گی بلکہ بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے گا اور جو دہشتگردی کرے گا وہ دونوں کا مشترکہ اور انسانیت کا دشمن ہے اور سب کو دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک پاکستان کی ریاست اور اس کے ادارے ہیں وہ سب دہشتگردی کے خلاف لڑ رہے ہیں او رانہوں نے اچھے او ربرے ،اپنے اورپرائے کی کوئی تقسیم نہیں رکھی ہوئی ۔ دہشتگردی اور انتہا پسند ی کے خلاف ہمارا عزم ہے ہم اس کی ہر شکل کے خلاف ہیں اور ہم اس کی قانون سازی بھی کر چکے ہیں کہ پاکستان کی سر زمین کو دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کااپنا آئین اور قوانین موجود ہیں پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے ان قوانین کے اندر رہ کر اقدامات کرنے کے پابند ہیں اور ہم نے اس سے باہر نہیں نکلنا ۔ اب اس معاملے میں ہمیں بھارت کی مدد اور معاونت چاہیے کہ ان کے پاس جو بھی معلومات ہیں کیا وہ پاکستان کو ملیں گی اوران معلومات کی روشنی میں پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :