مسئلہ کشمیرکاحل صاف و شفاف اورغیر جانبداررائے شماری کے انعقاد میں ہے ، برجیس طاہر

قوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے ،پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،وفاقی وزیر اُمورکشمیر کی وفد سے بات چیت

منگل 5 جنوری 2016 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 جنوری۔2016ء) مسئلہ کشمیرکاحل صاف و شفاف اورغیر جانبداررائے شماری کے انعقاد میں ہے ،قوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے ،پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کشمیرکا واحد حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اُمنگوں کے مطابق صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کا انعقاد ہے۔

اُنہوں نے یہ بات آج اسلام آبادمیں ایک کشمیر ی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ افسوس اس امر ہے کہ آج 67 سال گزرنے کے باوجود 05جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ میں پاس کی گئی قرار دادپرعمل درآمدنہ کروایا جاسکااورکشمیری عوام آج بھی اپنے حق خود ارادیت سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

حالانکہ بھارتی رہنما خود اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں لے کرگئے تھے چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ دُنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعوے داربھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے منحرف ہے اور اس ضمن میں ہٹ دھرمی سے کام لے رہا ہے ۔

اُنہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل پر امن طریقے سے بات چیت کے ذریعے نکالا جائے۔اُنہوں نے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا چاہتا ہے اور اس ضمن میں وہ اپنے موقف پر مضبوطی سے قائم ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج یوم حق خودارادیت کے موقع پر ہمیں ایک بار پھر اس عہد کی تجدید کرنی ہو گی کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کی عوام اپنے کشمیریوں بھائیوں کے حق خود ارادیت کی تمام تر سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے آئندہ متوقع مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو سرفہر ست رکھے گا کیونکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں دیر پا امن قائم نہیں ہو سکتا۔۔

متعلقہ عنوان :