کراچی کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، وزیر بلدیات سندھ

لیاری میں سیوریج کے نظام کو ایک ہفتہ کے اندر اندر درست نہیں کیا گیا تو متعلقہ افسران کو معطل کردیا جائے گا، جام خان شورو

منگل 5 جنوری 2016 21:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 جنوری۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اور اب روزانہ کی بنیادوں پر مختلف علاقوں میں وہ خود سرپرائیز وزٹ کریں گے اور جہاں جہاں سے شکایات ملیں گی وہاں کے افسران کو گھروں کو بھیج دیا جائے گا۔ لیاری میں سیوریج کے نظام کو ایک ہفتہ کے اندر اندر درست نہیں کیا گیا تو متعلقہ افسران کو معطل کردیا جائے گا۔

لیاری کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے دلوں میں بسائے ہوئے ہیں اور ہم ان کے دلوں میں ہمیشہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لیاری کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرنے کے موقع پر عوام اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علاقے کے رکن قومی اسمبلی شاہجہاں بلوچ، رکن سندھ اسمبلی و سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری، ابوزر ماڑی والا، عبدالمجید، علاقے سے پیپلز پارٹی کے منتخب چیئرمینز، کونسلرز اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ موجود تھی۔

صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک علاقے کی کم و بیش تمام یونین کونسلز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں کے عوام سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقع پر علاقے کے بیشتر علاقوں میں سیوریج کے پانی پر صوبائی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور واٹر بورڈ کے افسران کی سرزرش کی اور انہیں ایک ہفتہ کے اندر اندر تمام علاقے میں سیوریج کے نظام کو درست کرکے اس کی رپورٹ انہیں پیش کی جائے، بصورت دیگر تمام متعلقہ افسران کو معطل کرکے ان کے گھروں کو بھیج دیا جائے گا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ میرے اچانک دورے کا اصل مقصد زمینی حقائق کو دیکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے صفائی مہم کا شہر بھر میں افتتاح کردیا گیا ہے اور اب روزانہ کی بنیادوں پر اس طرح کے سرپرائیز وزٹ شروع کئے ہوئے ہیں تاکہ اس مہم کو مانیٹر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اچانک دورے سے کے ایم سی، واٹر بورڈ اور ڈی ایم سیز کی کارکردگی کابخوبی جائزہ لیا جاسکے۔

جام خان شورو نے کہا کہ آج کے لیاری کے دورے میں یہاں سیوریج کے نظام کی ابتر صورتحال پر متعلقہ افسران کو ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے اور میں خود آئندہ چند روز میں دوبارہ دورہ کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اچانک دوروں سے ہی مسائل حل ہوں گے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ آج کے لیاری کے دورے میں یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ آج ہمارے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سالگرہ ہے اور ہمارے لئے یہ کسی ایونٹ سے کم نہیں ہے لیکن ہم اسکے باوجود آج اپنے کاموں میں مشغول ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کی جاسکے۔

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اور علاقے کے منتخب رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت جب بھی آئی اس نے لیاری کے عوام کی خدمت کی ہے اور آج لیاری میں میڈیکل یونیورسٹی، کالجز اور ماڈرن اسکولوں کا جھال بچھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج اور صفائی ستھرائی کے فقدان کی اصل وجہ لیاری سمیت پورے کراچی میں بیوروکریسی سندھ حکومت کو ناکام بنانے کی سازشوں میں مصروف ہے اور ہماری صوبائی وزیر جام خان شورو نے ان بیوروکریسی کی ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے جو بیڑہ اٹھایا ہے اور سرپرائیز وزٹ کا سلسلہ شروع کیا ہے اس سے لیاری اور کراچی کو بڑا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نااہل افسران کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے اور اس کا بھی بڑا فائدہ ہوگا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے رکن قومی اسمبلی، رکن سندھ اسمبلی اور پارٹی کے دیگر علاقائی رہنماؤں کے ہمراہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور دعا کی۔

متعلقہ عنوان :