سیف گیمز کیلئے ریسلنگ ٹیم کے انتخاب کے سلسلہ میں ٹرائلز کے موقع پر ریسلرز اور ان کے حامی آپس میں لڑ پڑے

ایک دوسرے پر گھونسوں ،لاتوں ،تھپڑوں کی بوچھاڑ ،ریسلنگ فیڈریشن نے تحقیقات اور پہلوانوں کیخلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کا اعلان کر دیا

منگل 5 جنوری 2016 19:47

سیف گیمز کیلئے ریسلنگ ٹیم کے انتخاب کے سلسلہ میں ٹرائلز کے موقع پر ریسلرز ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) بھارت میں ہونے والی سیف گیمز کیلئے ریسلنگ ٹیم کے انتخاب کے سلسلہ میں ٹرائلز کے موقع پر ریسلرز اور ان کے حامی آپس میں لڑ پڑے ،ایک دوسرے پر گھونسوں ،لاتوں ،تھپڑوں کی بوچھاڑ کیساتھ غلیظ زبان بھی استعمال کی گئی ، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے تحقیقات اور ریسلرز کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کا اعلان کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سیف گیمز کیلئے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام ٹرائلز ہو رہے تھے کہ اس دوران ریسلرز کی طرف سے ایک دوسرے کو چیلنج کرنے پر بات طول پکڑتے ہوئے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی ۔ اس موقع پر پہلوانوں کے حامی بھی لڑائی میں کود پڑے اور رنگ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا ۔

(جاری ہے)

اس دوران ریسلرز اور انکے حامیوں نے ایک دوسرے پر گھونسوں ، لاتوں اور تھپڑوں سے حملہ کیا ۔

ریسلنگ فیڈریشن کے عہدیداروں کی طرف سے کوششوں کے بعد بیچ بچاؤ کرایا گیا ۔ اس حوالے سے فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ارشد ستار نے کہا کہ یہ جھگڑا پہلوانوں کے درمیان نہیں بلکہ حامیوں کے درمیان ہوا ہے ۔ جب مقابلہ ہوتا ہے تو کوچز اپنے کھلاڑیوں کو بتاتے ہیں اور ایک دوسرے پر آوازیں بھی کسی جاتی ہیں لیکن گزشتہ روز واپڈا کے دو پہلوانوں کے درمیان مقابلہ تھا اور ہارنے والے پہلوان نے جیتنے والے پہلوان کے کوچ کو چیلنج کر دیا کہ جس سے بات طول پکڑ گئی اور حامیوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا ۔انہوں نے کہا کہ طیب رضا اور محمد انعام کے حمایتیوں میں جھگڑا ہوا لیکن صلح کر اد ی گئی ہے لیکن اس کے باوجود فیڈریشن ضرور کارروائی کرے گی اور ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا۔