ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ملک میں اقتصادی ترقی کا سبب بنے گی اوراس سے قومی خزانے میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،علی اکبر گجر

منگل 5 جنوری 2016 19:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ملک میں اقتصادی ترقی کا سبب بنے گی اوراس سے قومی خزانے میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے 2015ء کے آخری ہفتے میں اپنے دورہ کراچی میں تاجروں اور صنعت کاروں کو سستی بجلی کا تحفہ دیااور نئے سال کے پہلے ہفتے میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم دی ہے، جسے ہرسطح پر سراہاجارہا ہے اورملک بھر کے تاجر اور صنعت کار اس اسکیم کو حکومت کی طرف سے نئے سال کاتحفہ قرار دے رہے ہیں۔

یہ اسکیم ملک میں ٹیکس دہندگان کا دائرہ بڑھانے کا موجب بنے گی اور لاکھوں ایسے نئے ٹیکس گزار سامنے آئیں گے جو اب تک ٹیکس نیٹ سے باہر تھے۔حکومت دن رات عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاں ہے لیکن حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت کے ہر اچھے کام کو تنقید کا نشانہ بنا کر اپنی سیاست چمکا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کے اس تنقیدی عمل سے لگتا ہے کہ حکومت مخالف سیاست دانوں کو عوام کی ترقی اور خوشحالی سے کوئی سروکارنہیں بلکہ انہیں اپنے وجودکااحساس دلانے کے لئے مخالفانہ بیان دینا پڑتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جب سے مسلم لیگ (ن) برسراقتدار آئی ہے اور ہر شعبے میں کام کررہی ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کررہی ہے خاص طور پر صنعت وتجارت کو فروغ دینے کے لئے کئی ایسی پالیسیاں تشکیل دی ہیں جن سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہورہاہے،بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لارہے ہیں اور ملک میں خوشحالی کی ہوائیں چلنے لگی ہیں۔علی اکبر گجر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت کا مشن ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی کی ایسی منزل پر لے جائے جہاں معاشی استحکام کے سبب غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ہو،تعلیم وصحت کے مسائل حل ہوں اور پاکستان کے عوام بلاامتیازترقی کریں اورملک کا پسا ہوا طبقہ قومی ترقی سے بھرپور استفادہ کرے۔