مقامی عدالت نے اے کے ڈی سیکیورٹیز کے 3 افسران کو 5 روز کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا

منگل 5 جنوری 2016 16:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء)کراچی کی مقامی عدالت نے اے کے ڈی سیکیورٹیز کے 3 افسران کو 5 روز کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیاہے۔ ملزمان میں محمد اقبال، طارق گھومرو اور فرید عالم شامل ہیں۔ اے کے ڈی سکیورٹیز کے ڈائریکٹر محمد اقبال ، طارق گھومرو اور فرید عالم کو گزشتہ روز ایف آئی اے نے اے کے ڈی سیکیوریٹیز کے دفتر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیاتھا۔

ملزمان پر شیئرز کی مد میں ملکی خزانہ کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔منگل کو ایف آئی اے نے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ اِیسٹ کے روبرو پیش کیا۔۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کی 10 روزہ تحویل طلب کی عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو5 روز کے لیے ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔ اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی بھی عدالت میں موجود تھے۔

ملزمان کی جانب سے وکیل نے تمام الزامات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ جب عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیاکہ بتایا جائے کہ تحقیقاتی رپورٹ کہاں ہے اس کے جواب میں تفتیشی افسر نے عدالت سے وقت طلب کرتے ہوے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں مزید کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کر دی جائیگی۔