پاکستان اور سری لنکا مابین دفاعی پیداوار ‘ سکیورٹی‘ انسداد منشیات و سمگلنگ‘ دوا سازی‘ ثقافت‘ صحت‘ زراعت‘ سائنس و ٹیکنالوجی اور جیمز اینڈ جیولری کے شعبوں میں تعاون کے 15معاہدے طے پاگئے

منگل 5 جنوری 2016 13:50

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 جنوری۔2016ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دفاعی پیداوار ‘ سکیورٹی‘ انسداد منشیات و سمگلنگ‘ دوا سازی‘ ثقافت‘ صحت‘ زراعت‘ سائنس و ٹیکنالوجی اور جیمز اینڈ جیولری کے شعبوں میں تعاون کے 15معاہدے طے پاگئے‘ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سری لنکن صدر سے خوشگوار ماحول میں مذاکرات ہوئے‘ مذاکرات سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے‘ پاکستان اور سری لنکا باہمی تجارت کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں‘ عالمی اور علاقائی امور پر دونوں ملک یکساں موقف رکھتے ہیں‘ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے اقدامات پر مل کر کام کرینگے‘ سری لنکن صدر متھری پالاسری سینا نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مثالی تعلقات ہیں‘ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو کولمبو ممیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف کے اعزاز میں سری لنکا کے صدارتی محل میں استقبالیہ تقریب ہوئی ، توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ‘ خاتون اول بیگم کلثوم نواز بھی وزیراعظم کے ہمرا ہ تھیں پاکستانی وفد کے دیگر ارکان میں وزیر اعظم کے ہمراہ معاون خصوصی طارق فاطمی اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت وزراء اور اعلیٰ حکام شامل تھے۔

تقریب میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے ‘ دفاعی پیداوار ‘ سکیورٹی‘ انسداد منشیات‘ سمگلنگ کی روک تھام‘ دوا سازی‘ ثقافت‘ سائنس و ٹیکنالوجی‘ صحت‘ تجارت اور جیمز اینڈ جیولری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے پندرہ معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرتپاک استقبال اور بہترین میزبانی پر سری لنکا کے مشکور ہیں۔

میرا دورہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ دونوں ملکوں نے تعلیم ‘ صحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاع کے شعبے میں بھی سری لنکا کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں‘ کثیر الجہت تجارت‘ سیاسی روابط اور دفاع کے شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔

دونوں ملک سائنس و ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سری لنکن صدر سے مذاکرات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ مذاکرات سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ دونوں ملکوں میں تجارت کے وسیع مواقع ہیں پاکستان سری لنکا باہمی تجارت کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ دونوں ملکوں میں تعلیم کے شعبے میں اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر اتفاق ہوا ہے۔

دونوں ملک عالمی اور علاقائی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے مل کر کام کرینگے۔ سری لنکن صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتا ہوں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مثالی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے سری لنکا کے دورہ کرنے پر شکر گزار ہیں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔