راہداری کے مغربی روٹ میں تبدیلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، احسن اقبال

منگل 5 جنوری 2016 13:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر توانائی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک بار پھر کہا ہے کہ راہداری کے مغربی روٹ میں تبدیلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، مغربی روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ‘خدارا قومی منصوبے کو متنازع نہ بنایا جائے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بلاوجہ منصوبے کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، خدارا قومی منصوبے کو متنازع نہ بنایا جائے، منصوبے کو متنازع بنانے سے پاکستان کو نقصان ہوگا اور پاکستان کا نقصان ہم سب کا نقصان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ منصوبے سے متعلق کوئی اچھی تجویز ہوئی تو اس پر عمل کریں گے اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلی پرویز خٹک کے ایک ایک سوال کا جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوادر اور خنجراب کے درمیان زمینی راستوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے حکومت نے کوئی بات خفیہ نہیں رکھی اور پارلیمنٹ میں بھی اقتصادی راہداری کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔

پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی میں بھی راہداری منصوبے پر بریفنگ دی گئی اور اس کمیٹی میں موجود پی ٹی آئی کے ارکان نے اس پر اتفاق بھی کیا اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان بلاوجہ تنقید کر رہے ہیں، یہ قومی منصوبہ ہے اس لئے اس پر منفی باتوں سے گریز کرنا چاہیے، یہی ہمارے حق میں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے 46 ارب ڈالر میں سے 38 ارب ڈالر صرف توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہونگے تاکہ صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا سکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ پنجاب حکومت اپنے خزانہ سے بنا رہی ہے اس میں وفاق کا ایک روپیہ بھی شامل نہیں۔

متعلقہ عنوان :