پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کا 88واں یوم پیدائش

منگل 5 جنوری 2016 11:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 جنوری۔2016ء) پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ‘ سیاست میں گروں کے دھنی اور فن خطابت پر ملکہ رکھنے والے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی جیالوں نے سالگرہ منائی ‘ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد‘ جیالوں نے کیک کاٹے‘ قرآن خوانی کی گئی ۔ آستین چڑھا کر خطاب شروع کرتے تو لاکھوں کا مجمع ٹکٹکی باندھے محوہوجاتا۔

جس طرف ہاتھ ہلاتے لاکھوں سر ہوا پر جھولتے پتوں کی مانند اسی طرف جھول جاتے۔تفصیلات کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو نے برصغیر کے ایک بڑے جاگیردار سر شاہنواز بھٹو کے گھر انیس سو اٹھائیس میں آج ہی کے دن جنم لیا۔ دوستوں میں زلفی کے نام سے مشہورہوئے۔ پڑھائی میں اوسط درجے کے طالب علم رہے لیکن جب حصول علم کیلئے ولایت گئے توان کی قائدانہ صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں۔

(جاری ہے)

فوجی آمر کی حکومت سے سیاست کرنے والے بھٹو نے ملک کو حقیقی جمہوریت‘ پہلا متفقہ آئین اور ون مین ون ووٹ کا حق دیا۔ ایٹمی قوت دے کر دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانا اور اسلامی سربراہی تنظیم کاقیام بھٹو کے تاریخی کارنامے سمجھے جاتے ہیں۔بھٹو کو باپ نے ورثے میں جاگیرداری دی تو غریبوں سے پیار کا ورثہ والدہ سے ملا جس کی جھلک ان کی جذباتی تقریروں سے ملتی ہے۔ اپنے نظریات‘ اندازسیاست اور ولولہ انگیز قیادت کی وجہ سے قائد عوام کا خطاب پایا۔ ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کے ہاتھوں مرنے سے آمر کے ہاتھوں مرنے کو ترجیح دے کر امر ہو گئے۔