آصف زرداری بیرون ملک جانے اور واپس آنے بارے خود بہتر جانتے ہیں، ڈاکٹر عاصم کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے، کراچی حالات کی بہتری ، ملک سے دہشتگردی نیٹ ورک توڑنا نواز شریف حکومت کا کارنامہ ہے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی صحافیوں سے گفتگو

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 4 جنوری 2016 22:51

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جنوری۔2016ء ) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری بیرون ملک کیوں گئے ، پاکستان واپس کب آئیں گے وہ خود بہتر جانتے ہیں، ڈاکٹر عاصم کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے، کراچی حالات کی بہتری ، ملک سے دہشتگردی نیٹ ورک توڑنے ، ملک میں قیام امن و امان ، عوام کے معیاز زندگی کی بہتری میاں نواز شریف کے کارنامے ہیں، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاک فوج کا لازوال کردار ہے یہی وجہ ہے پوری قوم حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ 2016میں فنکشنل ہو جائے گا جس کا افتتاح وزیر اعظم کرینگے، حضرو، اٹک میں مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین منتخب ہونگے ، نومنتخب جنرل کونسلرز پارٹی ڈسپلن پر کاربند رہیں ورنہ تنظیم کو آئینی و قانونی کارروائی سے روکنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں، وہ پیر کو لیگی رہنما ڈاکٹر اشرف بٹ، امیدوار چیئرمین ضلع کونسل ملک ریاست، نامزد چیئرمین رئیس ڈار کے ہمراہ جنرل کونسلر حاجی احسان خان کی چچی ، شعیب نواز خان کی والدہ محترمہ ، پیر نذیر احمد کے بھائی اور محمد نذیر کی ہمشیرہ و سابق کونسلر طاہر بیگ کی بھابھی کے انتقال پر تعزیت کے بعد ڈاکٹر اشرف بٹ، طلال بٹ کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے، سٹی صدر مسلم لیگ(ن) رفیق بھولا بھی اس موقع پر موجود تھے، شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ کسان پیکج کے بعد صحت کارڈ سکیم اور دیگر ممکنہ کئی پیکجز سے عوامی مسائل حل ہونگے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی بحران کو کنٹرول کرکے لوڈ شیڈنگ 50فیصد تک کم کردی ہے اور بہت جلد توانائی بحران سمیت دیگر بڑے مسائل حل ہو جائیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ہو یا دہشتگردی کے خاتمہ کے حکومتی اقدامات جنرل راحیل شریف اور پوری پاک فوج کو بہترین کارکردگی پر پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔