ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوام تک لایا

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی88ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

پیر 4 جنوری 2016 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوام تک لانے کے لئے نہ صرف خود اقتدار کو ٹھوکر مارکرعوام کی صفوں میں آکھڑے ہوئے بلکہ طالع آزما سیاستدان ، آمروں اور خود غرض عناصر کو عوام کی طاقت سے ایسی مات دی کہ وہ آج تک سنبھل نہ سکے ہیں،شہید ذوالفقار علی بھٹو ہی تھے جس نے ملک کو ایک متفقہ آئین دے کر ملک کے اداروں اور غریب عوام کے حقوق کو محفوظ کیا دوسری طرف ملک کو ایک ایٹمی قوت بنا کر نہ صرف دفاع کو مضبوط کیا بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

پیر کو پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی88ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ شہید ذوالفقار علی ہی کا ویژن تھا جس نے کئی سال پہلے نہ صرف بیرونی جارحیت کا خطرہ بھانپتے ہوئے ملک کے دفاع اور قوم کی فلاح کے لئے پالیسیاں بنائیں، بلکہ دوست ممالک خصوصاً مسلم امہ اتحادکے وسائل و ترقی میں اضافہ کرنے کے لئے ایک جامع خارجہ پالیسی بنائیں اور ان پر عملدرآمد کرنا شروع کردیا ۔

(جاری ہے)

لیکن افسوس کے سامراجی طاقتوں نے اپنے استحصالی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وزیراعظم پاکستان اور بانی پی پی پی ذوالفقار علی بھٹو کو اپنی راہ میں رکاوٹ سمجھ کر اس عظیم لیڈر کو ایک بین الاقوامی سازش کے تحت شہید کرادیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو شہید نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کا شمار دنیا کے امیر ترین اور ترقی یافتہ ملکوں میں ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک اور عوام کی خاطر نہ صرف اپنی جان کا نذرانہ دیا،لیکن شہید ہوتے ہوئے اپنے بیوی ، بچوں اور پارٹی کارکنوں کو جمہوریت ، عوامی حقوق کے لئے لڑنے اور ان کے فلاح کے لئے مر مٹنے کا درس بھی دے گئے جس کو ان کی اہلیہ اور بہادر بچوں نے پورا کر دکھایا ہے۔جس کی سب سے بڑی مثال بحالی جمہوریت کی جدوجہد میں شہید محترمہ بے نظیربھٹو کی شہادت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقو ق کے لئے جدوجہدابھی جاری ہے جمہوریت اور عوام کی حقوق کی بحالی کے لئے اس وقت بھی سابق صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی عوام کے ساتھ میدان میں موجود ہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے آج تک شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی اور اعلیٰ خدمات کو نہیں بھلایا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ پی پی پی آج بھی ناقابل شکست بنی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر عہد کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو اپنی منزل مقصود تک ضرور پہچائیں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا اور اپنی صفوں میں ناقابل شکست اتحاد قائم کریں اور پارٹی کے پروگرام کو گھر گھر پہچانے کا عمل جاری رکھیں اورانشاء اﷲ فتح اور کامرانی پارٹی اور عوام کا مقدر بنے گی۔