سندھ حکومت نے صوبے میں زکواۃ کی وصولی خود کرنے کا فیصلہ کر لیا ،اس کیلئے وفاق کو خط بھیجا جارہا ہے،سٹیٹ بینک کو بھی خط لکھا جائے گا

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا اجلاس سے خطاب

پیر 4 جنوری 2016 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) سندھ حکومت نے صوبے میں زکواۃ کی وصولی خود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لئے وفاق کو خط بھیجا جارہا ہے اور اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی خط لکھا جائے گا،پیر کو فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ ، مشیر برائے زکواۃ دوست محمد راہموں ، چئیرمین زکواۃ کونسل سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی ، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت ، سیکریٹری زکواۃ ریاض میمن، سیکریٹری انٹر پروینشل کو آرڈینیشن قاضی شاہد پرویز اور دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد سندھ حکومت نے 2011میں زکواۃ اینڈ عشر ایکٹ پاس کیا تھا۔جس کے تحت سندھ حکومت نے زکواۃ کونسل کا قیام کیا اور وہی قانون صوبائی حکومت کو زکواۃ کی وصولی اور تقسیم کے اختیارات دیتا ہے ۔محکمہ بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ آئینی اور قانونی لحاظ سے زکواۃ وصولی کے معاملے پر سندھ حکومت کی پوزیشن بالکل واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفاداتی کونسل کی کمیٹی نے اپنے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا تھا کہ زکواۃ وصولی اور تقسیم کے طریقہ کار کو 2015تک جاری رکھا جائے گا،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فیصلہ کیا کہ سندھ حکومت نئے سال 2016سے صوبے میں زکواۃ وصولی خود کریگی اور اسی حوالے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا جائیگا۔ انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت کو اس سلسلے میں خط تحریر کریں اور سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ کو بھی اس حوالے سے اطلاع دیں کہ سندھ حکومت نے نئے سال سے زکواۃ وصولی خود کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو اسٹیٹ بینک کو بھی ایک خط لکھ کر آگاہ کریں کہ اب زکواۃ وصولی خود سندھ حکومت کریگی ۔ او ر اس حوالے سے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سے ملاقات رکھیں اور زکواۃ وصولی کے مکمل میکنیزم اور سندھ حکومت کو اکاؤنٹ میں جمع کرنے کے معاملات طے کریں۔ واضح رہے کہ اس وقت وفاقی حکومت سندھ کے زکواۃ وصولی کی ٹوٹل رقم میں سے صرف 23.7فیصد سندھ کو دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سیکریٹری زکواۃ اور زکواۃ کونسل کے اختیاریوں کو بینک کٹوتی کے علاوہ زکواۃ وصولی کے دیگر ذرائع تلاش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ پر زور دیا کہ وہ زکواۃ کونسل کی تشکیل نئے سرے سے کریں اور اس میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں اور دیگر معتبر شخصتیوں کو شامل کریں۔

متعلقہ عنوان :