راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاسمارٹ فون کے ذریعے صفائی عملے کی حاضری اورکارکردگی بہتربنانے کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کاآغاز

پیر 4 جنوری 2016 22:38

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سی ایم سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے تعاون سے سمارٹ فون کے زریعے صفائی عملے کی حاضری اور کارکردگی بہتر بنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا،گزشتہ روز آرٹس کونسل میں ہونیوالی اس پائلٹ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے تھے،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عرفان قریشی،پراجیکٹ ہیڈ البائراک عثمان نوری ودیگر اعلیٰ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی،راجہ حنیف نے فیتہ کاٹ کراس پائلٹ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا،اس موقع پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے ماہرین نے اس ایپلیکیشن کے حوالے سے بریفنگ دی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ حنیف ایڈووکیٹ نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر کو صفائی کے حوالے سے ملک کے دیگر شہروں کیلئے ایک مثال بنا دیا ہے،اور میں یہ بات دعویٰ سے کہ سکتا ہوں کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صفائی کے لحاظ سے نمبرون ہے ،اس جدید دور میں خود کو نئے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا پڑتا ہے،ویسٹ مینجمنٹ مانیٹرنگ سسٹم سے ہم صفائی کو مزید بہتر بنائینگے،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عرفان قریشی نے کہا کہ اس سسٹم کا مقصد سختی نہیں ،صفائی کے نظام میں بہتری ہے،آرڈبلیوایم سی راولپنڈی کی صفائی کیلئے پرعزم و کوشاں ہے،اور ہم سب ملکر ہی اس سسٹم کو کامیاب بنائینگے،عثمان نوری نے کہا کہ اس نظام سے کام کرنیوالے ورکرز کی حوصلہ افزائی ہو گی ،بعد ازاں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سی ایم سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے ماہرین نے سپروائزرز کو اس جدید نظام کے استعمال کے حوالے سے تربیت دی۔