ضرب عضب اور کراچی آپریشن جاری ہے ،آصف زرداری آج کل پریشان ہیں، وہ پاکستان واپس آ کر معاملات طے کریں، اپوزیشن نے 2015ء میں سارا زور دھرنوں پر لگا دیا، اب مثبت کردار ادا کرے ،مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق کی میڈیا سے گفتگو

پیر 4 جنوری 2016 22:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور رینجرز کا کراچی میں آپریشن جاری ہے، ایسے موقع پر اعتزاز احسن کو اس طرح کے بیانات نہیں دینا چاہیے،زرداری صاحب آج کل پریشان ہیں، وہ پاکستان واپس آ کر معاملات طے کریں، اپوزیشن نے 2015ء میں سارا زور دھرنوں پر لگا دیا، اب مثبت کردار ادا کریں۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کے وقت اعتزاز احسن کو خیال کیوں نہیں آیا، انہیں ایسے موقع پر اس طرح کے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صحت کے شعبے میں حکومت نے اچھا پروگرام شروع کیا ہے، وفاقی حکومت کو تعلیمی شعبے میں بھی تمام صوبوں میں یکساں نصاب لانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2015ء میں اپوزیشن نے سارا زور دھرنوں پر لگا دیااب نئے سال میں تو مثبت کردار ادا کریں، اپوزیشن کہتی ہے کہ سوالوں کے جوابات نہیں ملتے، جب وہ سوال کریں گے نہیں تو جواب کیسے ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے معاملے پر پوری مسلم امہ پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، میں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ مشیر خارجہ کو دونوں ملکوں میں بھیجیں اور اس معاملے پر ثالثی کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ افغان اور بھارت میں اگر کوئی دہشت گردی ہو رہی ہے تو پاکستان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں، ہمارے تو خود ساٹھ ہزار لوگ دہشت گردی میں شہید ہوئے، لیکن ہم نے تو کسی پر بھی الزام نہیں لگایا، بھارت کو بھی اس طرح کے الزامات پاکستان پر نہیں لگانے چاہئیں۔