اڑھائی سال میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں 40فیصد اضافہ ہوا ، پی آئی اے کی بحالی کیلئے سب مل کر بیٹھیں، ہمیں دوستانہ طریقے سے ٹیکس نیٹ بڑھانا ہے، اسد عمر کے مثبت مشورے ٹیکس اسکیم میں شامل کریں گے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی نجی ٹی وی سے گفتگو مجھے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے بارے پتہ ہی نہیں ہے تواسے اچھایا یا برا کیسے کہہ سکتا ہوں، لوگوں کی ماضی کی غلطیاں معاف کرنی پڑیں گی،اسد عمر

پیر 4 جنوری 2016 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اڑھائی سال میں ٹیکس دینے والوں میں 40فیصد اضافہ ہوا ہے، پی آئی اے کی بحالی کیلئے سب مل کر بیٹھیں، ہمیں فرینڈلی طریقے سے ٹیکس نیٹ بڑھانا ہے، اسد عمر کے مثبت مشورے ٹیکس اسکیم میں شامل کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا کہ میرا اسحاق ڈار سے اس ٹیکس اسکیم سے متعلق رابطہ آخری بار اگست میں ہوا تھا، مجھے اسکیم کے بارے میں پتہ ہی نہیں ہے تو میں اس کو اچھایا یا برا کیسے کہہ سکتا ہوں، ہمیں لوگوں کی ماضی کی غلطیاں معاف کرنی پڑیں گی۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کیلئے ڈائیلاگ کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، اسد عمر ایک ذمہ دار پارلیمنٹیرین ہیں ہم ان کے مثبت مشورے ٹیکس اسکیم میں شامل کریں گے۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ لوگ پچھلے 30،40سال سے ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں جنہیں ہم ایمنسٹی ٹیکس اسکیم کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں شامل کر رہے ہیں، ہمیں فرینڈلی طریقے سے ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال میں ٹیکس دینے والوں میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے انہیں کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہو گی، پی آئی اے کی بحالی کیلئے سب کو مل کر بیٹھنا ہو گا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا کہ میرا اسحاق ڈار صاحب سے اس ٹیکس اسکیم سے متعلق رابطہ اگست میں آخری بار ہوا تھا، اس کے بعد میں اخبار میں اس اسکیم کے بارے میں پڑھا تو مجھے پتہ چلا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لائی جا رہی ہے، مجھے اس اسکیم کی تفصیلات کا ہی علم نہیں تھا تو میں اسے اچھا یا برا کیسے کہہ سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایف بی آر کا ادارہ انتہائی ناقص ہے، ہمیں لوگوں کی ماضی کی غلطیاں معاف کرنی ہی پڑیں گی تا کہ ان کو آگے ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں پہلے سے ٹیکس دینے والوں کیلئے بھی کوئی رعایت ہونی چاہیے تا کہ ان کی حوصلہ شکنی نہ ہو۔