ایس ای سی پی نے ویب سائٹ پر اردو میں معلومات کی فراہمی کے لئے آخری تاریخ میں توسیع کر دی

پیر 4 جنوری 2016 20:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) سیکورٹیز اینڈ ایکس چینچ کمیشن آف پاکستان نے پبلک لسٹڈ کمپنیوں اور پبلک نان لسٹڈ کمپنیوں کے لئے کمپنی کی ویب سائٹ پر اردو میں معلومات کی فراہمی کے لئے عمل در آمد کی تاریخ میں 15فروری تک توسیع کر دی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے پبلک لسٹڈ کمپنیوں اور پبلک نان لسٹڈ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ سرمایہ کاروں اور عوام الناس کی آسانی کے لئے کمپنی کے متعلق ضروری معلومات جیسے کہ کمپنی کے مقاصد ، اس کا رجسٹریشن اور ٹیکس نمبر ، کمپنی کے اہم حکام کے رابطہ نمبر اور دیگر تفصیلات، کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تعارف اور دیگر معلومات کمپنی کی ویب سائٹ پر انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی اکتیس دسمبر 2015تک فراہم کریں۔

(جاری ہے)

کئی کمپنیوں کے اصرار پر اس بارے میں درپیش تکنیکی مشکلات کو دیکھتے ہوئے، اس حکم نامے پر عمل در آمد کی تاریخ میں 15فروری تک توسیع کر دی گئی ہے۔ مندریہ بالا کے علاوہ، لسٹڈ کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے الیکشن کے شیڈول کو ، الیکشن کی تاریخ سے اکیس دن پہلے اردو زبان میں اپنی ویب سائٹ پر فراہم کریں جبکہ ڈائریکٹرز کے الیکشن میں حصہ لینے والے تمام افراد کا تعارف اور ان کے دفاتر کے رابطہ کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

کمپنی کے بارے میں اردو میں معلومات کی فراہمی کا مقصد سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کے لئے آسانی فراہم کرنا ہے۔ کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر ایس ای سی پی کے انوسٹر ایجوکیشن پروگرام ’ جمع پونجی ‘ کے ویب سائٹ کا لنک بھی فراہم کریں تاکہ سرمایہ کار ایس ای سی پی کے ویب پورٹل تک رسائی حاصل کر کے سرمایہ کاری کے متعلق قوائد و ضوابط ، دستیاب زرائع اور دیگر امور سے متعلق آگاہی حاصل کر سکیں۔ کمپنی کی ویب سائٹ پر اردو میں معلومات کی فراہمی سے جہاں عام سرمایہ کاروں کو درست فیصلے کرنے میں مدد ملے گی وہاں کمپنیاں بھی اپنی پالیسیوں اور کارکردگی کے بارے میں سرمایہ کاروں کے رائے اور تجاویز حاصل سکے گی۔

متعلقہ عنوان :