دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کو سزا ئیں دینا درست عمل ہے ، سعودی عرب کی حکومت نے اپنے شہریوں کو قانون کے مطابق سزا دے کر ارض حرمین الشریفین اور سعودی عرب کے امن کو مستحکم کیا

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی رہنماؤں کامشترکہ بیا ن

پیر 4 جنوری 2016 19:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی رہنماؤں نے کہاہے کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کو سزا ئیں دینا درست عمل ہے ، سعودی عرب کی حکومت نے اپنے شہریوں کو قانون کے مطابق سزا دے کر ارض حرمین الشریفین اور سعودی عرب کے امن کو مستحکم کیا ہے ، ایران میں سعودی قونصلیٹ اور سفارت خانہ جلایا جانا قابل مذمت اور قابل تشویش ہے ۔

پیر کو پاکستان علماء کونسل کے مرکزی رہنماؤں مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا اسد اﷲ فاروق ، مولانا حافظ محمد امجد ،مولانا شبیر احمد عثمانی ، مفتی عبد الوحیدسواتی ،مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، مولانا عبد الحمید صابری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ جس طرح ایران میں روز عرب اور سنی قائدین کو سزائیں دی جاتی ہیں اسی طرح سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو سزائیں دی ہیں ان پر اعتراض کرنا سعودی عرب کی خود مختاری اور سلامتی کے خلاف قدم اٹھانا ہے جو امت مسلمہ کو قابل قبول نہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شام ، عراق ، یمن کی صورتحال کے بعد اب سعودی عرب ایران کشیدگی ملت اسلامیہ کے لیے تشویشناک ہے ۔ حکومت پاکستان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ حالات کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔