چینی کمپنی کی جانب سے خیرپور میں سیمنٹ فیکٹری کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، منظور حسین وسان

پیر 4 جنوری 2016 18:39

کراچی ۔ 4 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ کوٹ ڈیجی خیرپور میں ابن شاہ کے مقام پر چینی کمپنی کی جانب سے سیمنٹ فیکٹری کا منصوبہ کوٹ ڈیجی کے محنت کشوں کیلئے ایک تحفہ ہے جس سے علاقے کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، سیمنٹ فیکٹری کے قیام کا منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنائے گا اور اس منصوبے سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے دفتر نیو سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں چینی کمپنی سائنو ہائیڈرو انجینئرنگ کارپوریشن کے وفد سے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت کمپنی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر جینگ جیانو Jang Jiaunduo کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چینی وفد نے صوبائی وزیر معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان کو بتایا کہ چینی انجینئرز اور ماہرین کے ایک وفد نے کوٹ ڈیجی خیرپور میں سیمنٹ فیکٹری کے قیام کے لئے دو روزہ دورہ کر کے فزیبلیٹی کے لئے تفصیلات جمع کر لی ہیں۔

وفد نے بتایا کہ ابن شاہ کا مقام سیمنٹ فیکٹری کے قیام کے لئے نہایت موزوں ہے۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سیمنٹ فیکٹری کے قیام پر 100 ملین روپے سے زائد کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت مذکورہ سیمنٹ فیکٹری کے قیام کے لئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔