وہاڑی، ڈرائیور سو گیا اور کارو ٹرک آمنے سامنے ٹکراگئے، دو خواتین سمیت چار جاں بحق، متعدد زخمی

مرنے والے کارسواروں میں میاں بیوی اور بیٹی شامل

پیر 4 جنوری 2016 18:34

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء)وہاڑی میں لڈن روڈ پر کار اور ٹرک کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، حادثہ ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا،مرنے والے کارسواروں میں میاں بیوی اور بیٹی شامل ہیں۔مقامی ریسکیو 1122 کے مطابق فقیر والی کا رہائشی مختار احمد اپنی اہلیہ جمیلہ بی بی، بیٹی عاصمہ اور ایک نامعلوم شخص کے ہمراہ کار میں وہاڑی جا رہا تھا کہ کار وہاڑی لڈن روڈ پر کوٹ پل کے قریب سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں کار میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹرک ڈرائیور اور کنڈیکٹر جائے حادثہ سے فرار ہوگئے۔ریسکیو 1122 نے لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹروہاڑی اسپتال منتقل کردیا، جہاں جاں بحق افراد کی شناخت بہاول نگر کے علاقے فقیر والی کے رہائشی مختار احمد، بیوی جمیلہ بی بی، بیٹی عاصمہ اور ان کے ڈرائیور کی حیثیت سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثہ کار کے ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔