پٹھان کوٹ حملہ،پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات منسوخ ہونے کا امکان،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

پیر 4 جنوری 2016 16:37

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹھان کوٹ اےئربیس پر حملے کے بعد بھارت نے اگلے ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات منسوخ کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔پیر کو بھارتی این ڈی ٹی وی چینل نے اعلیٰ حکومتی ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی حکومت پٹھان کوٹ اےئربیس پرحملے کے بعد پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات منسوخ کرنے پر غور کررہی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان14اور15جنوری کے دوران ملاقات متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیر پٹھان کوٹ اےئربیس پر حملے کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کیلئے پہلے ملاقات کریں گے،اس بارے میں حتمی فیصلہ اگلے چند دنوں میں کرلیا جائیگا۔

(جاری ہے)

پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کو دونوں ممالک کے وزراء اعظم کی جانب سے دہشت گردی کے حوالے سے بات چیت جبکہ خارجہ سیکٹریوں کو جامع مذاکرات کے حوالے سے روڈمیپ تیارکرنے کا مینڈیٹ دیاگیاہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی نے گزشتہ رات اعلیٰ حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اورخارجہ سیکرٹری ایس جے شنکر بھی شامل تھے،اجلاس میں پٹھان کوٹ اےئر بیس پر حملے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔