وزیر اعظم نواز شریف سری لنکا کے 3 روزہ دورہ پر کولمبو پہنچ گئے ،سری لنکن وزیر اعظم اور کابینہ کے ممبران نے پرتپاک استقبال کیا

پیر 4 جنوری 2016 16:37

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف سری لنکا کے 3 روزہ دورہ پر کولمبو پہنچ گئے ‘ بندرانائیکہ ایئر پورٹ پر سری لنکا کے وزیر اعظم رنیل وکرما سنگھے اور کابینہ کے دیگر ممبران نے ان کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر سری لنکا کے وزیر اعظم کی اہلیہ خاتون اول بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان ‘ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ‘ خارجہ امور کے خصوصی معاون طارق فاطمی ‘ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) طاہر جنجوعہ اور دیگر سینئر حکام بھی پہنچے ہیں۔

ایئر پورٹ پر سری لنکن حکام کے علاوہ پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) سید شکیل حسین سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم سری لنکا کے صدر کی دعوت پر سری لنکا 3روزہ سرکاری دورہ پر پہنچیں ہیں جہاں وہ سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کرینگے ‘دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبہ جات میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ دورہ کے دوران وزیراعظم نوازشریف مختلف تقریبات میں شرکت کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ‘ مذہبی سکالرز اور تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :