سندھی ٹائپنگ کے دوران خود کار اعراب لگانے والا کمپیوٹر سسٹم تیار کر لیا گیا

پیر 4 جنوری 2016 16:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء)سندھی ٹائپنگ کے دوران خود کار اعراب لگانے والا کمپیوٹر سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کے محقق ہدایت اللہ شیخ نے ایک ایسا سسٹم بنایا ہے جو کمپیوٹر سسٹم میں سندھی ٹائپنگ کے دوران خود کار اعراب لگائے گا۔اعلامیہ کے مطابقگزشتہ روز ایک سیمینار میں محفقق نے سندھی زبان میں خود کار اعراب کے عنوان پر تحقیق پیش کی۔

سیمینار کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر ڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز نے کی۔ اس موقع پر اپنی تحقیق پیش کرتے ہوئے محقق ہدایت اللہ شیخ نے کہا کہ انہوں نے کمپیوٹر سسٹم میں تحقیق کے ذریعے ایک ایسا سسٹم بنایا ہے جو سندھی ٹائپنگ کے دوران خود کار اعراب لگائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سافٹ ویئر سے لغت، کتب، اخبارات، رسائل، میگزین اور دیگر مواد ترتیب دینے میں آسانی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھی زبان سیکھنے میں بھی یہ سافٹ ویئر مددگار ثابت ہو گا۔ اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر نے کہا کہ محقق کا کام سندھی لغت میں کار آمد ثابت ہوگا اور زبان کی ترقی کی بھی راہیں متعین کرے گا۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد مہر نے کہا کہ کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے علم، سائنس و دیگر مضامین سیکھنے کے لاتعداد مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے محقق کے کام کی تعریف کی۔ سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ، پروفیسر عبدالواحد شیخ، ثمینہ راجپر، نگہت شیخ و دیگر نے شرکت کی۔