افغان فوج مزار شریف میں بھارتی قونصل خانے کے قریب عمارت سے جنگجووٴں کو نکالنے کے لیے بر سر پیکار

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 4 جنوری 2016 16:19

کابل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 04 جنوری۔2015ء) افغان فوج ملک کے شمالی شہر مزار شریف میں بھارتی قونصل خانے کے قریب ایک عمارت سے جنگجووٴں کو نکالنے کے لیے بر سر پیکار ہے۔پیر کو عمارت سے دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے قونصل خانے میں گھسنے کی ناکام کوشش کی تھی اور اب وہ پاس کی عمارت میں ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔خیال رہے کہ پہلے بھی افغانستان میں بھارتی قونصل خانے حملہ آوروں کے نشانے پر رہے ہیں۔افغانستان میں بھارتی سفیر امر سنہا نے صحافیوں کو بتایا کہ قونصل خانے کے تمام اہلکار محفوظ ہیں اور اس علاقے کو حملہ آوروں سے خالی کرانے کی کارروائی جاری ہے۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ وہ شہریوں کی ہلاکت سے بچنے کے لیے بہت ہی احتیاط سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بلخ صوبے کے گورنر کے ترجمان منیر فرہاد نے بتایا ہمارا کلیئرینس آپریشن قونصل خانے کے قریب جاری ہے۔مزار شریف کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور آر پی جی، ہینڈ گرینیڈ اور ہلکے ہتھیاروں سے لیس ہیں۔صوبائی پولیس کے ترجمان شیر جان درانی نے بتایا کہ مسلح حملہ آور عمارت سے افغان فوجیوں پر گولیاں چلا رہے ہیں۔ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔

خیال رہے کہ 2008 اور 2009 میں کابل سفارت خانے پر دو بار حملہ ہوا تھا جس میں درجنوں افراد مارے گغے تھے۔مئی 2014 میں ہرات میں مسلح افراد نے بھارتی قونصل خانے پر حملہ کیا تھا جبکہ اگست 2013 میں جلال آباد قونصل خانے پر حملے میں نو شہری ہلاک ہوئے تھے۔مزار شریف میں ہونے والا تازہ حملہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے کابل دورے کے بعد ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :