بزنس مین پینل کی ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداران کو مبارک باد

پیر 4 جنوری 2016 16:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء)بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ، فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہدحسین،سنیٹرحاجی غلام علی ،ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب نائب صدر ریاض خٹک ،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریاعثمان،کیپٹل ریجن کے چیئرمین مرزاعبدالرحمن،مرکزی ترجمان شیخ منظرعالم، مرکزی سیکرٹری ثاقب فیاض مگوں اوردیگررہنماؤں نے فیڈریشن چیمبرآف کامرس کے انتخابات میں نومنتخب صدررؤف عالم اور دیگرعہدیداروں کوکامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی سرپرستی اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے باوجود ایف پی سی سی آئی کے حالیہ انتخابات میں بزنس مین پینل نے 42فیصد ووٹ حاصل کیئے ہیں جوکہ بزنس کمیونٹی کی بزنس پینل پراعتماد کی علامت ہے ۔

(جاری ہے)

پیرکو مشترکہ بیان بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے کہاکہ انتخابات آزادی رائے کی علامت ہوتے ہیں۔بزنس مین پینل نے جمہوری اندازمیں ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بھرپورحصہ لیا۔انہوں نے کہاکہ21ویں گریڈکے سرکاری افسر ٹی ڈیپ کے سی ای اوایس ایم منیر کی سرپرستی میں چلنے والے گروپ کو نہ صرف حکومتی آشیربادحاصل تھی بلکہ سرکاری وسائل کو بھی مذکورہ گروپ نے بے دریغ استعمال کیا اس کے باوجود42فیصد ووٹرزنے بزنس مین پینل کے امیدواروں کو اپناووٹ دے کربزنس مین پینل کی پالیسیوں اور منشور پر اعتمادکااظہار کیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ یوبی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیربار بار اپنے بیان میں کہتے تھے کہ ان کے گروپ کو 90سے97فیصد ووٹرزکی حمایت حاصل ہے ان کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں ۔ اگریوبی جی کو سرکاری حمایت حاصل نہ ہوتی اور ایس ایم منیر ٹی ڈیپ کے ذریعے ووٹرزکو بلیک میل نہ کرتے توجیت بزنس مین پینل کا مقدرہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ بزنس مین پینل مثبت اپوزیشن کا کردار اداکرے گی اوربزنس کمیونٹی کے مسائل کواجاگرکرنے اور ان کو حل کرنے کے لیے اپنی جدوجہدجاری رکھے گی۔

بزنس مین پینل کے عہدیداروں نے ایس ایم منیرکو مشورہ دیا کہ خدارا وہ ملکی برآمدات کی طرف توجہ دیں کیونکہ ان کے ٹی ڈیپ کے ڈیڑھ سالہ دور میں پاکستان کی برآمدات کوڈھائی ارب ڈالرکا ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیراگرفیڈریشن کی سیاست سے کنارہ کشی اختیارنہیں کرسکتے توٹی ڈیپ کاعہدہ چھوڑدیں تاکہ حکومت کسی ایسے حقیقی نمائندے کو تعینات کرسکے جس سے برآمدات کو فروغ مل سکے ۔

بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے فیڈریشن کے نومنتخب صدررؤف عالم اور دیگرعہدیداروں کو مبارک بادپیش کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا۔بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ فیڈریشن کے نومنتخب عہدیداران بزنس کمیونٹی کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیں گے اور بلاتقریق خدمت کریں گے اورفیڈریشن ہاؤس کو ٹی ڈیپ سمیت کسی سرکارے ادارے کی کٹھ پتلی نہیں بننے دیں گے۔