دس جنوری کو وویمن آن وہیلز کا آگاہی سیشن اور ریلی منعقد کی جائیگی ‘ حمیدہ وحید الدین

پیر 4 جنوری 2016 16:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ خواتین کو درپیش ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات یہاں سیکرٹری آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ شوکت علی، سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر آمنہ ، ڈپٹی سیکرٹری ٹرانسپورٹ ذوالقر نین ، ڈائریکٹر وویمن ڈویلپمنٹ ساجد ترمذی ، فسٹ وویمن بینک کی بشریٰ اور دیگر نے شرکت کی۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو وویمن پیکیج کے تحت خواتین کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت طالبات اور ملازمت کرنے والی خواتین کو سکوٹیز فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سکوٹیز کی فراہمی ، آگاہی سیشن اور منصوبے کے افتتاح کے سلسلے میں عملدرآمدکمیٹی کی سفارشات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ دس جنوری کو وویمن آن وہیلز کا آگاہی سیشن اور ریلی منعقد کی جارہی ہے جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شرکت کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکوٹیز کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کیا جارہاہے۔ بعدازاں اس کا دائرہ کار دوسرے شہروں تک بڑھا دیا جائے گا۔