پیپلز پارٹی کے رہنماءچوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات کسی صورت متاثر نہیں ہونے چاہئیں،،،پاکستانی سول اور ملٹری قیادت بھارت میں ہونے والی کسی قسم کی تخریب کاری یا دہشت گردی میں ملوث نہیں۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 4 جنوری 2016 15:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جنوری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان بھارت اور خطے میں ہونے والی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات مزید مضبوط ہونے چاہئیں اور ان میں کسی طرح کی رکاوٹ نہیں آنی چاہئیے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دہشت گردی سے جوڑنا نہائت افسوس ناک ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم دہشت گرد نہیں ہیں نہ ہی پیپلز پارٹی دہشت گرد تنظیم ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بلاول ملک سے باہر تھے تو شور مچایا جاتا تھا آج زرداری بیرون ملک دورے پر ہیں تو باتیں بنائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری جلد وطن واپس آئیں گے اور پیپلز پارٹی کے انتظامی امور سنبھالیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاق صوبوں میں غیر ضروری مداخلت کر رہا ہے۔نواز شریف کا ماضی گواہ ہے کہ وہ ہمیشہ بدلے کی سیاست کو جنم دیتے ہیں۔