سرکاری وغیرسرکاری شعبہ صحت تولیدی صحت کے تصور کو فروغ دے رہے ہیں ‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

پیر 4 جنوری 2016 14:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحولیات وبہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی نے آبادی میں بے محابا اضافے پر قابو پانے کے لئے جاری آگہی مہم کے ذریعے تولیدی صحت کے تصور کو فروغ دیا ہے اور پنجاب میں مرکزی حیثیت ماں بچے کی صحت کو دی گئی ہے ،اس مقصد میں کامیابی کے لئے معاشرے کے سماجی،معاشی اور مذہبی پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں این جی اوز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں تناسب کے لئے اور عوام کی آگاہی کے لئے ڈاکٹروں اور ان کے دواخانوں کی جاری آگہی مہم میں شمولیت کے علاوہ این جی اوز کی سروسز بھی حاصل کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

نیز سول سوسائٹی ،سرکاری وغیر سرکاری شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے افراد،پرائیویٹ ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسز،حکماء،ہومیو پیتھک معالجین شامل ہیں۔

فیملی پلاننگ سے متعلقہ علم وآگاہی اور ابلاغ سے مزین معلومات عوام تک پہنچائی جارہی ہیں تاکہ مطلوبہ اہداف حاصل ہو سکیں۔بیگم ذکیہ شاہنواز نے انکشاف کیا کہ آبادی کے کنٹرول سے متعلقہ پیغام میں مرد کی شمولیت،صنفی برابری ، سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی اور چھوٹے خاندان کا تصور عام کرنے میں حیران کن کامیابی مل رہی ہے۔