خالد مشعل کی سوشل میڈیا پرکسی قسم کی سرگرمی کی سختی سے تردید

پیر 4 جنوری 2016 13:25

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے سوشل میڈیا پر اپنے کسی بھی اکاوٴنٹ کی موجودگی کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی سماجی رابطے کی ویب سائیٹس کے ذریعے کسی قسم کی سرگرمی نہیں ہے۔خالد مشعل کے نام سے سوشل میڈیا پر قائم جعلی اکاوٴنٹس کا معاملہ ایک بار پھر زیربحث آگیا ہے۔

خالد مشعل سمیت جماعت کی قیادت نے ان جعلی اکاوٴنٹس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خالد مشعل کے نام سے سرگرم جتنے بھی اکاوٴنٹس سوشل میڈیا پر موجود ہیں ان پر پوسٹ کردہ بیانات کا جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ خالد مشعل کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاوٴنٹ نہیں ہے۔ادھر حماس کے سیاسی شعبے سینئر رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کا سوشل میڈیا پرکوئی اکاوٴنٹ نہیں اور نہ ہی وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کسی قسم کے بیان جاری کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

خالد مشعل کے نام سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر جتنے بھی اکاوٴنٹس چل رہے ہیں وہ سب جعلی ہیں جن کا حماس یا خالد مشعل کیساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس لئے ان اکاوٴنٹس پرچلنے والے بیانات کا بھی خالد مشعل اور جماعت کی قیادت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عزت الرشق نے اپنے ’ٹوئٹر‘ اکاوٴنٹ کے ذریعے اس امر کی وضاحت کی کہ بعض علاقائی قوتیں حماس کو بدنام کرنے اور سازشوں کو ہوا دینے کیلئے خالد مشعل کے نام سے جعلی اکاوٴنٹس چلا رہی ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ خالد مشعل کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاوٴنٹ نہیں ہے۔ حماس عوام الناس پریہ واضح کررہی ہے کہ سوشل میڈیا پرخالد مشعل کے نام سے سرگرم اکاوٴنٹس کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ان کا نہ تو فیس بک پر کوئی اکاوٴنٹ ہے اور نہ ہی ٹویٹر پر ہے۔فلسطینی تجزیہ نگار اور ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر عبدالستار قاسم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر خالد مشعل کے نام سے جعلی اکاوٴنٹس بنانا حماس اور مزاحمت کیخلاف جاری سازشوں کا حصہ ہے۔ ان سازشوں میں وہ عناصر ملوث ہوسکتے ہیں جو اسرائیل کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :