پشاور:ٹرک پر بم دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج

پیر 4 جنوری 2016 12:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب سیکیورٹی فورسز کے ٹرک پر بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی پشاور میں درج کرلیاگیا ہے،مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف درج کیاگیا جبکہ چمکنی، فقیرآباداورداودزئی کے علاقوں سے 100 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب گذشتہ روز تربیلہ سے پشاور آنے والے سیکیورٹی فورسز کے ٹرک کو بم سے نشانہ بنایاگیا تھا جس کے نتیجے میں ون ونگ کا ایک کمانڈو زخمی ہوا۔

نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج مقدمے میں دہشتگردی کی مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیاگیا جو سڑک کے درمیان ایک پول کے قریب نصب کیاگیاتھا۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد چمکنی، فقیرآباداورداودزئی کے علاقوں سے 100 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :