امریکی گلوکار کِرس براوٴن پر خاتون کو مار پیٹ کا الزام

پیر 4 جنوری 2016 11:44

امریکی گلوکار کِرس براوٴن پر خاتون کو مار پیٹ کا الزام

لاس ویگاس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء)امریکی شہر لاس ویگاس کی پولیس گلوکار کرس براوٴن کے خلاف لڑائی اور مارپیٹ کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔لاس ویگاس پولیس کے اہلکار جیف گڈون کے مطابق یہ واقعہ پامز کیسینو ریزورٹ میں پیش آیا تھا۔پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جب ایک کمرے میں ایک خاتون نے براوٴن کی تصویر کھینچنے کی کوشش کی تو جھگڑا ہوا جس کے دوران براوٴن نے مبینہ طور پر خاتون کو مارا اور اس کا فون بھی اپنے پاس رکھ لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار جب جائے وقوع پر پہنچے تو براوٴن وہاں سے جا چکے تھے اور اس لیے ان سے اس وقت پوچھ گچھ نہیں کی جا سکی۔لاس ویگاس پولیس کے مطابق براوٴن کے خلاف چوری اور مار پیٹ کے الزامات کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔براوٴن کی تشہیری ایجنٹ نکول پرنا نے مذکورہ خاتون کے الزامات کو ’قطعی غلط‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں اور یہ من گھڑت ہیں۔خیال رہے کہ ماضی میں بھی کرس براوٴن پرگھریلو تشدّد کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ 2009 میں کِرس براوٴن نے اعترافِ جْرم کیا تھا کہ انھوں نے اپنی گرل فرینڈ گلوکارہ ریحانہ پر حملہ کیا تھا۔