پولینڈ میں میڈیا پر قدغن سے متعلق نیا قانون بنیادی یورپی اقدار کی خلاف ورزی ہو گا،کمشنر یورپی یونین

پیر 4 جنوری 2016 11:35

برسلز ۔ 04 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جنوری۔2016ء) یورپی یونین کے کمشنر گنٹر اوئٹنگر نے پولینڈکو خبردار کیا کہ میڈیا پر قدغن سے متعلق نیا قانون بنیادی یورپی اقدار کی خلاف ورزی ہو گا اور اس وجہ سے ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے کمشنر نے کہا کہ پولینڈ میں اس قانون کی منظوری سے حکومت کے پاس یہ اختیار آ گیا ہے کہ وہ ملکی میڈیا پر اثر انداز ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت سی ایسی وجوہات موجود ہیں جن کی وجہ سے قانون کی بالادستی کا نظام حرکت میں لایا جا سکتا ہے اور اس کے تحت پولینڈ کی نگرانی کی جا سکتی ہے۔جرمن اخبار کے مطابق یورپی کمیشن کے صدر نے اس معاملے کو 13 جنوری کو کمیشن کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے۔واضح رہے کہ اوئٹنگر کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب پولینڈ کی قدامت پسند حکومت نے گزشتہ بدھ کو ایک نئے قانون کے ذریعے سرکاری میڈیا کا کنڑول اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔اس قانون کے حوالے سے یورپی یونین سخت تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کی یورپی تنظیموں نے بھی اس قانون کی شدید مخالفت کی ہے۔