بھارت کی ریاست منی پور میں زلزلے کے باعث پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے:بھارتی حکام

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 4 جنوری 2016 10:59

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 04 جنوری۔2015ء) شمالی بھارت کی ریاست منی پور میں زلزلے کے باعث پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے پانچ افراد کے مرنے اور 33 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات دی ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ آٹھ تھی جسے بعد میں درست کرکے چھ اعشاریہ سات کر دیا گیا ہے۔

زلزلے کا مرکز منی پور کے علاقے امپھال سے 29 کلومیٹر دور تھا۔ مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح چار بج کر 35 منٹ پر آیا تھا۔منی پور کے دارالحکومت امپھال کے پولیس سپرنٹینڈنٹ نے آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی بات کہی ہے جنھیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ انھوں نے آسام کے وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی سے فون پر بات کی اور زلزلے کے متعلق پوری صورت حال کا جائزہ لیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم مودی نے یہ بھی لکھا کہ وہ آسام کے دورے پر روانہ ہونے والے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے رابطے میں ہیں اور زلزلے سے متعلق حالات کی ہر پل کی خبر لے رہے ہیں۔دوسری جانب بنگلہ دیش میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔امریکی جیولوجیکل سروینے زلزلے کے بعد نقصانات کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔خیال رہے کہ یہ خطہ زلزلوں کی زد میں آتا رہتا ہے۔ 2005 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 75000 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گذشتہ برس نیپال میں آنے والے زلزلے میں 9000 افراد ہلاک اور 9 لاکھ مکانات تباہ ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :