رضا کارانہ ٹیکس عملدرآمد سکیم سے قومی معیشت مزید مستحکم ہو گی، وزیر خزانہ سینٹراسحاق ڈار

اتوار 3 جنوری 2016 21:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔3جنوری۔2016ء)وفاقی وزیر خزانہ سینٹراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رضا کارانہ ٹیکس عملدرآمد سکیم (وی ٹی سی ایس) سے قومی معیشت مزید مستحکم ہو گی اور ٹیکس نیٹ کو وسعت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں سے مکمل مشاورت کے بعد رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کو حتمی شکل دی گئی تھی۔

پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے کئی ارکان پارلیمنٹ نے اس سکیم کو تسلیم کیا تھا اور عملدرآمد کیلئے مجھے اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مشورہ دیا تھا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض اپوزیشن ارکان پڑھے بغیر اس پر تنقید کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان آگے آئیں اور ملک میں مثبت کردار ادا کریں اور بے معنی معاملات پر اپنا وقت ضائع نہ کریں۔

(جاری ہے)

ایک نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم سے ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا اور ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں کیساتھ مشاورت کے بعد گزشتہ ہفتے اس سکیم کو حتمی شکل دی گئی تھی۔ ان تاجروں نے اس کو سراہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سکیم کو حتمی شکل دینے کیلئے گذشتہ پانچ ماہ سے مسلسل اجلاس منعقد کرانے پر پارلیمنٹرینز، ایف بی آر ٹیم اور تاجر رہنماوں کو مبارکباد دی ۔