وزیر اعلی پرویز خٹک نے اپنے داماد کو صوابدیدی فنڈ سے کروڑوں روپے فراہم کر دیے

اتوار 3 جنوری 2016 19:00

وزیر اعلی پرویز خٹک نے اپنے داماد کو صوابدیدی فنڈ سے کروڑوں روپے فراہم ..

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3جنوری۔2016ء) وزیر اعلی خیبرپختونخوا پر ویز خٹک نے اپنے داماد کو صوابدیدی فنڈ سے کروڑوں روپے کا فنڈ ز فراہم کر دیا۔ فنڈکو تحریک انصاف مخالف لابی کے ذریعے استعمال کیا جا رہا ہے۔ صوبائی قائدین کی ذاتی انا اور اختلافات کی وجہ سے تحریک انصاف کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ تحریک انصاف کے تحصیل نائب ناظم اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے عمرا ن خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تحصیل نائب ناظم میاں مشتاق ،تحصیل آرگنائزر ارشاد خان ،تحصیل ممبر بخت بادشاہ اور دیگر قائدین نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے اپنے داماد سابق سنیٹر عدنان محمد زئی کو وزیر اعلی خیبر پختون خواہ پر ویز خٹک کی صوابدیدی فنڈسے کرو ڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی پر شدید تحفظات کا اظہار کر تے ہوئے عمرا ن خان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے منتخب تحصیل کونسلر سعید الحق کے حجرہ میں ایک غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ضلعی ممبر سید سعید جان ،ضلعی صدرانصاف سپورٹس اینڈ کلچرشمشاد علی خان،ضلعی آرگنائزر اکرام مندنی،ملک ملا دین ،وکیل ماما،فخر عالم ،ظہیر احمد نے خطاب کر تے ہوئے اس امر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے صوابدیدی فنڈسے اپنے داماد سابقہ سینیٹر عدنان خان محمد زئی کو کروڑوں روپے کا فنڈفراہم کیا ہے مگراس حوالے سے تحریک انصاف کے مقامی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اورنہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تحریک انصاف کے مقامی تنظیم سے کوئی مشاورت کی گئی ہے۔

انہوں نے اس امر پر بھی تنقید کی کہ وزیر اعلی کا صوابدیدی فنڈان کے داماد تحریک انصاف کے مخالف لابی کے ذریعے استعمال کرکے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا یا جا رہاہے ۔سابق سنیٹر کے پارٹی مخالف کر دار سے پاکستان تحریک انصاف کے ورکروں میں شدید بے چینی اور غصہ پایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تنگی سپورٹس کمپلیکس پر جاری تعمیراتی کا م ،گورنمنٹ ہائی سکول گراونڈ کی تعمیر سمیت دیگر کروڑوں روپے لاگت کے جاری ترقیاتی منصوبے پی ٹی آئی حکومت کا کارنامہ ہے مگر مذکورہ منصوبوں پر پی ٹی آئی کے سیاسی محالف تنظیم کے بورڈ اویزاں کئے گئے ہیں جو کہ تحریک انصاف کے ساتھ زیادتی ہے۔

مقررین نے اس صورتحال کو تحریک انصاف کے صوبائی قائدین کی ذاتی اناء اور چپقلش قرار د دیا اورمطالبہ کیا کہ قائدین ذاتی مفادات کی بجائے پارٹی مفادات کے لئے عملی اقدامات کریں ۔

متعلقہ عنوان :