دیرپا ملکی ترقی یقینی بنانے، بے روزگاری کے خاتمے اور ملکی آبادی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے شرح نمو میں اضافہ ضروری ہے، جی ڈی پی میں اضافہ کیلئے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے،یونائیٹڈ بزنس گروپ

اتوار 3 جنوری 2016 14:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جنوری۔2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چئیرمین اور سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ دیرپا ملکی ترقی یقینی بنانے، بے روزگاری کے خاتمے اور ملکی آبادی کو صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ ، رہائش اور دیگر سہولیات کی ارزاں داموں فراہمی کیلئے اگلے دس سال تک شرح نمو میں کم از کم ستر فیصد اضافہ ضروری ہے۔

جی ڈی پی میں اضافہ کیلئے سرمایہ کاری میں پچیس فیصد اضافہ لازمی ہے جسکے لئے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے، ہمیں وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اکنامک وژن پر پورا یقین ہے جس سے ملکی مسائل جلد حل ہو جائینگے۔ افتخار علی ملک نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم، اسلام آباد چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ، ملک سہیل، اسلام آباد ویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل اور اٹک چیمبر کے سابق صدر تیمور اسلم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برامدات کم ہو رہی ہیں جبکہ ٹیکس،سرمایہ کاری اور قومی بچت جمود کا شکار ہے جسے بڑھانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

برامدات میں کمی کا سبب ایکسپورٹ مارکیٹوں میں کساد بازاری ہے جبکہ قومی بچت میں جمود کی وجہ کھاتہ دارون کو ملنے والامنفی منافع ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس سسٹم میں اصلاحات ضروری ہیں جبکہ موجودہ ٹیکس ایمنیسٹی سکیم اس کی جانب اہم قدم ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان سمیت سارک ممالک کی ترقی اور غربت کے خاتمہ کیلئے پالیسیاں بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

اس سے ہم اس خطہ سے دنیا کی نصف پیداوار فراہم کر کے اپنی عوام کو یورپ کا معیار زندگی فراہم کر سکتے ہیں۔ دنیا کی بائیس فیصد آبادی والے خطے جس میں سے پینتالیس فیصد نوجوان ہیں کا ترقی پزیر ہونا حیران کن ہے۔ افتخار ملک نے کہا کہ ہم وسائل سے مالا مال ہیں دنیا کا سب سے برا بلاک ہیں مگر ہماری باہمی تجارت دنیا میں سب سے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حساس فہرستوں کا معاملہ نمٹا دیا جائے تو تمام سارک ممالک کی معیشت تیزی سے ترقی کرے گی۔