راولپنڈی،پی ٹی ڈی سی کے گریڈ ۱ تا 20 کے ساڑھے چار سو سے زائد ملازمین کو 16 ماہ کے بقایا جات نہ مل سکے

تمام بقایا جات ادا نہ ہوئے تو آئندہ ماہ سے مکمل ہڑتال کرنے کا لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے،ملازیمن

ہفتہ 2 جنوری 2016 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء)پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے گریڈ ۱ تا 20 کے ساڑھے چار سو سے زائد ملازمین کو 16 ماہ کے بقایا جات نہ مل سکے۔ فنڈز میں کمی کے باعث ملازمین کو صرف بنیادی تنخواہ دی جا رہی ہے۔دیگر الاؤنسسز کاٹ لینے سے ملازمین مشکلات سے دو چار ہوگئے۔تمام بقایا جات ادا نہ ہوئے تو آئندہ ماہ سے مکمل ہڑتال کرنے کا لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر میں پی ٹی ڈی سی کے پونے پانچ سو کے لگ بھگ ملازمین کی16 ماہ کی تنخواہ ادارے کی جانب سے ادا نہیں کی جا سکی ہے۔فنڈز میں کمی کے باعث سہ ماہی میں حکومت کی جانب سے فنڈز کا اجراء کیا جاتاہے، جس سے ملازمین کو بمشکل بنیادی تنخواہ ادا کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

تنخواہوں کے ساتھ ملنے والے تمام مراعات کاٹ لینے سے ملازمین مشکلات سے دو چار ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملازمین نے تنخواہوں کی وصولی کیلئے تمام تر جتن کر لئے ہیں، اور اب مایوسی کے بعد آئندہ ماہ سے پی ٹی ڈی سی کے تمام دفاتر میں مکمل ہڑتال کئے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔جبکہ ادارے کی مزدور یونین کی جانب سے آئندہ اجلاس میں مرحلہ وار احتجاج کے لائحہ عمل کا اعلان بھی متوقع ہے۔جس میں احتجاجی مظاہرہ، دھرنا، مکمل ہڑتال کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے جانے کا بھی امکان ہے۔زرائع نے مزید بتایا کہ ادارے کے گریڈ 1 تا 20 کے چھوٹے ملازمین اور افسران سب کی 16 ماہ سے زائد کی تنخواہ بقایا ہے، اس لئے یونین کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج میں افسران کی جانب سے یونین کو مکمل سپورٹ بھی حاصل ہے۔