وزیر اعظم قومی صحت پروگرام پر عملدر آمد شروع، پہلے مرحلے میں ملک بھر سے 23 اضلاع کے 32لاکھ خاندان مستفید ہونگے

ہفتہ 2 جنوری 2016 19:28

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء )غریب اور مستحق افراد کے لئے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام کے پہلے مرحلے میں ملک بھر سے 23 اضلاع کے 32لاکھ خاندان پروگرام سے مستفید ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو غریب اور مستحق افراد کے لئے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ۔ اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ملک بھر سے 23 اضلاع کے 32 لاکھ خاندان مستفید ہونگے ۔

پنجاب میں ناروال، خانیوال، سرگودھا اور رحیم یار خان ، خیبر پختونخواہ میں مردان، ملاکنڈ، کوہاٹ اور چترال میں قومی صحت پروگرام پر عمل جاری ۔ سندھ میں شکار پور بدین ، شہید بے نظیر آباد اور سانگھڑ جب کہ بلوچستان میں کوئٹہ ، لورالائی، لسبیلہ اور کیچ میں بھی قومی صحت پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے ۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں آزاد کشمیر کے مظفر آباد اور کوٹلی ، گلگت بلتستان کے دیامیر اور سکردو میں قومی صحت پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔

اسلام آباد میں 30 ہزار 111 خاندان پروگرام سے مستفید ہونگے ۔ حکومت غریب اور مستحق افراد کو علاج کے لئے 50 ہزار سے 6 لاکھ روپے دے گی ۔اس پروگرام کے تحت 7 خطرناک امراض کے علاج کی سہولت دستیاب ہو گی ۔ جن میں امراض قلب ، ہیپاٹائٹس ، گردے ، جگر کی بیماریاں، کینسر اور شوگر کے علاج کی سہولت میسر ہو گی ، قومی پروگرام کے تحت جلنے اورحادثات میں زخمی ہونے والوں کا بھی مفت علاج ہو گا، وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام کے لئے 9 ارب روپے جاری ہونگے ۔(م د)