گلاب کے کاشتکاروں میں مفت پودوں کی تقسیم کا آغا ز

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:21

راولپنڈی۔02 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء)گل بانی کے فروغ کے لیے گلاب کے کاشتکاروں میں مفت پودوں کی تقسیم کا آغا زکر دیا گیا ۔محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام گلاب کے کاشتکاروں کو 50ہزار پودے مفت دینے کے پروگرام کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت فلوریکلچر ریسرچ سب اسٹیشن کی طرف سے گلاب کے50 ہزارپودوں کی مفت تقسیم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ فلوریکلچرریسرچ سب اسٹیشن خطے میں گلاب اور کٹ فلاورز کی کاشت اور پیداوار بڑھانے میں کاشتکاروں کی رہنمائی میں مصروف عمل ہے۔گلاب کے کاشتکاروں نے فلوریکلچر ریسرچ سب اسٹیشن کی طرف سے گلاب کے50 ہزارپودوں کی مفت تقسیم کو حکومت پنجاب کا احسن اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور جنوبی پنجاب میں گلاب کی کاشت کو فروغ حاصل ہو گا۔ کاشتکاروں نے مطالبہ کیا کہ خطے میں گلاب کے پھولوں سے اسینشل آئل ایکسٹیریکشن پلانٹ کا قیام عمل میں لیا جائے تاکہ گلاب کی پتیوں سے اس قیمتی تیل کو نکال کر دوسرے ممالک کی منڈیوں میں بھیج کر زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکے۔