ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک کے ملازمین نے 10ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ضلع کے ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو تالے لگادیئے

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:03

ٹانک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک کے ملازمین نے 10ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ضلع کے ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو تالے لگادیئے ،ایمرجنسی بھی بند مریض رل گئے،ہسپتال کے گیٹ پر مریضوں کا تاتنا بندھ گیا ملازمین کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور میڈیکل آفیسر کے خلاف نعرہ بازی،ہائی کورٹ بھی ہماری تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دے چکی ہے لیکن ڈی ایچ او اور ایم ایس ہٹ دھرمی پر قائم ہیں،دونوں ذمہ دار افسران مخصوص سیاسی ٹولے کی ایماء پر ہمیں ہٹاکر ہماری جگہ اپنے من پسند افراد کو ملازمت دینے کی مذموم سازش کررہے ہیں جو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دینگے تنخواہوں کی ادائیگی تک کام چھوڑ اور پولیو ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا اعلان بھی کردیا ،ہسپتال کے تما م ملازمین اور ڈاکٹروں نے بھی ہڑتالی ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور کام چھوڑ کرہڑتالی کیمپ میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک کے 56ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ10ماہ سے بند کردی گئیں ہیں ملازمین اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈینٹل ڈاکٹر طاہر جاوید اور میڈیکل آفیسر ڈی ایچ کیو ڈینٹل ڈاکٹر ظفرکے درمیان کئی بار مزکرات بھی ہوئے لیکن ان کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا جس پر ملازمین نے مشترکہ طور پر پشاور ہائی کورٹ کے ڈیرہ اسماعیل خان بنچ سے رجوع کیا اور ہائی کورٹ نے بھی دونوں ذمہ دار افسران کو ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر ادا کرنے کا حکم دیا لیکن اس کے باوجود بھی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ جوں کا توں ہے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف گزشتہ 2ہفتوں سے ملازمین نے ڈی ایچ کیو میں ہڑتالی کیمپ تو لگا رکھا ہے لیکن ملازمین نے سنیچر کے روز شدید اشتعال میں آکر ضلع کے اکلوتے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کو تالے لگادیئے اور ایمرجنسی یونٹ بھی بندکردی جس سے ہسپتال میں داخل اور باہر سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑاہسپتال کے تمام دیگرملازمین اور ڈاکٹروں نے بھی ہڑتالی ملازمین کا ساتھ دیا اور کام چھوڑ کر ہڑتالی کیمپ میں شریک رہے اس دوران ملازمین نے ہسپتال کے گیٹ پر دھرنا دیکر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور میڈیکل آفیسر کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور کہا کہ دونوں افسران بے بنیاد الزام لگا کر ہماری تنخواہیں بند کررکھی ہیں اور عدالت کے حکم کو بھی پس پشت ڈال کرمخصوص سیاسی ٹولی کی پشت پناہی کی وجہ سے ہٹ دھرمی پر قائم ہیں اور ہمیں ملازمت سے ہٹانے کی باتیں کررہے ہیں جو ہم کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دینگے دریں اثناء ملازمین نے تنخواہوں کی ادائیگی تک کام چھوڑ ہڑتال،پولیو ڈیوٹی سے بائیکاٹ اور روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال کو تالے لگانے کااعلان کردیا ۔