پارلیمنٹ سے منظور ی کے بعد رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم پر عملدر آمد شروع کر دیا جائیگا ‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار

ہفتہ 2 جنوری 2016 13:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے منظور ی کے بعد رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم پر عملدر آمد شروع کر دیا جائیگا ‘ پی ٹی آئی سمیت کچھ لوگ سکیم کو بغیر پڑھے اور سمجھے باتیں کررہے ہیں ‘ غلط فہمی پھیلانا درست عمل نہیں ۔ ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم (وی ٹی سی ایس) کو مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں سے مشاورت کے بعد گزشتہ ہفتے حتمی شکل دی گئی اور تاجروں نے اس سکیم کو بہت سراہا کیونکہ یہ سکیم تاجروں اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس سکیم پر عملدرآمد کیا جائے گا جس کا مقصد ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکیم کو حتمی شکل دینے میں کوششوں پر پارلیمنٹیرینز، ایف بی آر ٹیم اور تاجر برادری کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پی ٹی آئی کی سکیم پر تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے پہلے سکیم کی تعریف کی اور اسے ایوان میں لانے کا کہا، سکیم پر کچھ لوگ بغیر پڑھے اور سمجھے باتیں کر رہے ہیں اور غلط فہمی پھیلا رہے ہیں جو درست نہیں ہے۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ (وی ٹی سی ایس) ایک بہتر سکیم ہے لہذا پی ٹی آئی کی قیادت کو چاہیے کہ وہ ملکی سیاست میں مثبت کردار ادا کرے اور بے بنیاد مسائل پر وقت ضائع نہ کرے۔

متعلقہ عنوان :