گزشتہ سال گاڑیوں کی فروخت میں 63ہزار سے زائد یونٹس کا اضافہ

ہفتہ 2 جنوری 2016 13:05

اسلام آباد ۔ 02 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء)سال 2014 ء کے مقابلہ میں گزشتہ سال گاڑیوں کی فروخت میں 63ہزار سے زائد یونٹس کا اضافہ ہوا ۔ سال 2015ء کے دوران آٹو انڈسٹری نے شاندار کارکردگی سے ملک کی 10بڑی صنعتوں میں جگہ حاصل کی ہے اور دوران سال شعبہ کو 13فیصد سے زائد کا نفع حاصل ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

آٹو انڈسٹری کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران مقامی صنعت کی کارکردگی میں ہونے والے اضافے کے اسباب میں پنجاب میں ٹیکسی سکیم ، کرولا کی نئے ماڈل کی گاڑیوں کا متعارف کروانا اور گاڑی کی خریداری کیلئے کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔

سال 2015ء کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت کا حجم 2لاکھ 6ہزار 97یونٹس تک پہنچ گیا جبکہ سال 2014ء کے اسی عرصہ کے دوران ایک لاکھ 43ہزار 62گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں اسطرح 2014ء کے مقابلے میں گزشتہ سال جنوری تا نومبر 2015ء کے دوران گاڑیوں کی فروخت کے حجم میں 63ہزار 35یونٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔