کراچی : گذری میں مبینہ پولیس مقابلے میں‌نوجوان ہلاک ،

ہلاک ہونے والا نوجوان طالبعلم تھا ۔ اہل خانہ کا موقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 جنوری 2016 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 02 جنوری 2016 ء) : گذشتہ رات پولیس نے کراچی کے علاقہ گذری میں مبینہ مقابلے میں ملائیشیا سے آئے طالبعلم زکریا کو ڈاکو قرار دے کر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔پولیس نے موقف اختیار کیا کہ زکریا اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا، جبکہ ملزم کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار ہے۔ دوسری جانب زکریا کے اہلٍ خانہ نے موقف اختیار کیا کہ زکریا ایک طالبعلم ہے جو ملائشیا میں تعلیم حاصل کر رہا تھا لیکن کچھ ہی دن قبل ایک ماہ کی چھٹی پر پاکستان آیا تھا، زکریا کے والد کا کہنا ہے کہ زکریا کے دوست نے بتایا کہ وہ پیسے لے کر آرہے تھے تو پولیس نے روکا، شادی کی تیاری کیلئے پیسے لینے اے ٹی ایم گیا تھا، انہوں نے بتایا کہ اگلے سال میرے بیٹے کی شادی ہونے والی تھی۔

زکریا کے والد کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ بہت ظلم اور نا انصافی ہوئی ہے، میرے بچے پر بہت ظلم کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس بھی ہمیں کچھ نہیں بتارہی ہے۔ جبکہ زکریا کی نانی کا کہنا ہے کہ زکریا شادی کے لیے ایک ماہ کی چھٹی پر آیا تھا، ہمارا بچہ بے قصور ہے۔ جبکہ پولیس اپنے موقف پر قائم ہے ، ایس ایس پی ساؤتھ ڈاکٹر فاروق کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھ پولیس مقابلہ ہوا، ہلاک ہونے والے ملزم سے چھینے گئے موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ زکریا اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ ہلاک ملزم اور اس کے ساتھی نے 4افراد سے لوٹ مار کی۔ زکریا کے اہل خانہ نے واقعہ کے خلاف میت رکھ کربعد از نمازٍ ظہر مظاہرے کا اعلان بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :