بارش، سخت سردی، فوج اورپولیس کی رکاوٹوں کے باوجود 27ہزار فلسطینیوں کی قبلہ اول میں نماز کی ادائیگی

ہفتہ 2 جنوری 2016 12:37

مقبوضہ بیت المقد س(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) فلسطین میں بارش، سخت سردی ،اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باوجود 27ہزار فلسطینی شہری قبلہ اول میں نماز جمعہ ادا کرنے میں کامیاب رہے۔فلسطینی محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2016 ء کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقع پر ہزاروں فلسطینی شہریوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی۔

نمازیوں کی قبلہ اول میں آرد کا سلسلہ علی الصباح سے شروع ہوگیا تھا تاہم بارش، سردی اور اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باعث مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی تعداد کم رہی۔نماز جمعہ کی امامت ممتاز فلسطینی عالم دین اور مفتی اعظم القدس ودیار فلسطین الشیخ محمد حسین نے کی۔

(جاری ہے)

الشیخ حسین نے اپنے جمعہ کے خطبہ میں قبلہ اول میں’نعرہ تکبیر‘ اللہ اکبر لگانے پر پابندی کے اسرائیلی سازشوں کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک منظم سازش کے تحت فلسطینیوں کو قبلہ اول سے دور رکھنے کیلئے اس نوعیت کی پابندیاں عائد کررہا ہے۔مسجد اقصیٰ میں ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگانے پرپابندی لگانے پر غور بھی کسی صورت میں قابل قبول نہیں ،امام قبلہ اول نے کہا کہ صہیونی ریاست جب فوج اور تمام تر دیگر ریاستی وسائل کے استعمال اور وحشیانہ حربوں کے استعمال میں بھی ناکام رہی تو اب قبلہ اول میں مسلمانوں کو اللہ کا نام لینے سے منع کیا جا رہا ہے۔ الشیخ محمد حسین نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کو داخلے سے روکنا ایک بڑا ظلم ہے مگر نعرہ تکبیر سے روکنا اس سے بڑ ظلم ہے۔ اللہ کا نام لینے سے روکنے کا مطلب قبلہ اول میں اذان دینے پرپابندی عائد کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :