داعش کا رامادی پر پھر دھاوا، عراقی فوجی اڈے پربارود سے بھری گاڑیاں چڑھا دیں

ہفتہ 2 جنوری 2016 12:27

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء) دولت اسلامیہ (داعش) نے رمادی کے قریب عراقی فوج کے اڈے پر پھردھاوا بول دیا ،عراقی فوجی اڈے پربارود سے بھری گاڑیاں چڑھا دیں جبکہ عراق کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں عراقی افواج موصل شہر کو دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے خالی کروائے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے عراقی صوبے انبار کے شہر رمادی کے قریب عراقی افواج کے اڈے پر حملہ کیا ہے، رمادی شہر کو چند روز قبلِ دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے خالی کروایا گیا تھا۔

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں شدت پسندوں نے کار بم دھماکے کیے ہیں اور انھوں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔عراقی افواج نے امریکہ اور اتحادی افواج کے تعاون سے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ اتوار کو عراقی حکام نے رمادی پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے گذشتہ سال مئی میں رمادی پر قبضہ کیا تھا۔

رمادی پر عراقی افواج کے کنٹرول کے بعد فوجی اڈے پر شدت پسندوں کے حملے کو بڑا حملہ تصور کیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کار مدیر سیبیسٹن اوشر کا کہنا ہے کہ اس حملے کو دیکھ اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عراقی افواج کو کس نوعیت کے اہداف کا سامنا ہے اور یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ رمادی کے مضافاتی علاقوں میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے کتنے جنگجو موجود ہیں۔

یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم نے کہا تھا کہ اْن کی حکومت دولتِ اسلامیہ کو بھرپور شکست دے گی۔وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا تھا کہ 2015 آزادی کا سال ہے۔ خدا نے چاہا تو سنہ 2016 اہم ترین کامیابیوں کا سال ہو گا اور حتمیٰ فتح کا سال ہو گا۔ عراقی سرزمین سے دولتِ اسلامیہ کا خاتمہ ہو جائے گا اور انھیں شکستِ فاش ہو گی۔انھوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں عراقی افواج موصل شہر کو دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے خالی کروائے گی۔

متعلقہ عنوان :