کابل میں ریستوارن پر خودکش حملہ، دو افراد ہلاک، 16 زخمی

ہفتہ 2 جنوری 2016 12:18

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء) افغا ن دارالحکومت کابل میں ایک خودکش حملہ آور نے غیر ملکیوں کے ریستوران پر حملہ کر کے دو افراد کو ہلاک جبکہ کم سے کم 16 افراد زخمی کر دیا جمعے کو ہونے والے اس حملے میں فرانسیسی ریستوران کو نشانہ بنایا گیا۔ کابل میں جرائم کی تحقیقات کے محکمے کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد افغان شہری ہیں اور ایک حملہ آور کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم طالبان نے قبول کی ہے۔حملے کے فوری بعد علاقے میں گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ فرانسیسی ریستوران میں سکیورٹی سخت ہوتی ہے اور یہاں بڑے بڑے آہنی دروازے نصب ہیں۔دھماکے سے نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹو ٹ گئے۔

(جاری ہے)

یہ حملے ایسے وقت پر ہوئے ہیں جب افغانستان اور پاکستان طالبان سے دوبارہ بات چیت کا آغاز کرنے کی کوشش کر رہے۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جولائی میں ملا عمر کی ہلاکت کے بعد سے تعطل کا شکار ہے۔افغان مصالحتی عمل سے متعلق افغانستان، پاکستان، امریکہ اور چین کے درمیان بات چیت 11 جنوری کو پاکستان میں ہو رہی ہے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکا کابل کے علاقے قلعہ فتح اللہ میں ہوا ہے، جہاں ’لا شارداں‘ نامی فرانسیسی ریستوراں غیر ملکیوں کے ساتھ ساتھ افغان حکام میں بھی بے حد مقبول تھا۔

یہ افغان دارالحکومت کے اْن معدودے چند ریستورانوں میں سے ایک تھا، جہاں اب بھی غیر ملکی شہری کثرت سے چلے جایا کرتے تھے۔یہ واقعہ اسی شہر میں ایک لبنانی ریستوراں پر کیے جانے والے اْس حملے کے تقریباً ایک سال بعد پیش آیا ہے، جس میں تیرہ غیر ملکیوں سمیت اکیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے اس فرانسیسی ریستوراں کو جانے والے راستے بند کر دیے۔

اس دوران اس ریستوراں کی عمارت جزوی طور پر دھماکے کی وجہ سے لگنے والی آگ کے باعث نمایاں ہو رہی تھی۔رواں ہفتے کے آغاز پر طالبان نے کابل ایئر پورٹ کے نزدیک ہونے والے اْس خود کْش حملے کی ذمے داری قبول کر لی تھی، جس میں ایک شخص ہلاک اور تینتیس زخمی ہو گئے تھے۔ اس سے ایک ہفتہ قبل ایک حملے میں کابل سے تھوڑی دور بگرام ایئر بیس کے قریب گشت کرنے والے چھ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔