کراچی، آئی آئی چندریگر روڈ پر نوجوان کے قتل کیخلاف لاش رکھ کر احتجاج

کراچی کے علاقے لیاری کلا کوٹ میں دکان پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا، واقعہ کے بعد ورثا اور علاقہ مکینوں نے آئی آئی چندریگر روڈ بلاک کر دی

جمعہ 1 جنوری 2016 22:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) لیاری کلا کوٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دکان پر موجود نوجوان جہانزیب جاں بحق ہو گیا،لیاری کے سیکڑوں مکین سڑکوں پرنکل آئے اوروزیراعلی ہاؤس جانے کی کوشش کی ،تاہم قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں ،جس کے نتیجے میں مکینوں نے لاش کے ہمراہ آئی آئی چندریگر روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھتہ نہ دینے پر گینگ وار کے ملزمان نے کلاکوٹ کے رہائشی دکاندار جہانزیب کو گولی مار کر قتل کردیا، لیاری کے مکینوں نے میت کے ہمراہ شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی ہاؤس جانے کی کوشش کی۔احتجاج کرنے والوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔ مظاہرین جب آئی آئی چندریگر روڈ پر پہنچے تو پولیس نے رینجرز ہیڈکوارٹر جانے والا راستہ بند کردیا تو مظاہرین شاہین کمپلیکس پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

دوران احتجاج پولیس اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس اہلکار گتھم گتھا ہوگئے، ہاتھا پائی کے دوران کسی کا گریباں پھٹا تو کوئی زخمی بھی ہوا ۔احتجاج شدت اختیار کرگیا تو رینجرز کو مداخلت کرنا پڑی۔ مظاہرین نے وزیراعلی سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ رینجرز حکام نے مظاہرین سے بات چیت کی جس کے بعد رینجرز کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ٹریفک جام کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ کے اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :