حکومتی اقدامات جاری رہے تو کرپشن کا خاتمہ ہو جائے گا

قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ارکان کا اظہار خیال

جمعہ 1 جنوری 2016 22:33

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث جمعہ کو بھی جاری رہی۔ اس دوران اراکین نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے اگر حکومتی اقدامات جاری رہے تو انشاء اللہ کرپشن کا خاتمہ ہو جائے گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رکن شاہدہ رحمانی نے کہا کہ سندھ حکومت اور کراچی کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف ایکشن لیا مگر سندھ حکومت کے ساتھ امتیازی برتاؤ روا رکھا گیا ہے اور پورے ملک کی بجائے صرف کراچی میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔

کرپشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو بدنام نہ کیا جائے۔ صاحبزادہ یعقوب خان نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اس ایوان کو اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہم نے پاکستان کے غریب عوام کی مشکلات کسی حد تک کم کی ہیں۔

(جاری ہے)

امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے ہمارے معاشی اور ترقیاتی پروگرام رکے ہوئے ہیں۔ مہنگائی ناسور کی شکل اختیار کر گئی ہے‘ غریب عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے اگر حکومتی اقدامات جاری رہے تو انشاء اللہ کرپشن کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم کے صحت کے پروگرام کی حمایت کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس پروگرام سے پورے ملک کے عوام کو مستفید ہونا چاہیے۔ ساجدہ بیگم نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ سراج محمد خان نے کہا کہ واپڈا کے کرپٹ اہلکاروں سے ہماری جان بخشی کرائی جائے۔

متعلقہ عنوان :